حکومت بلوچستان ماحولیاتی تحفظ کے لیے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے،صوبائی مشیرماحولیات

جمعرات 5 جون 2025 19:40

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 05 جون2025ء) صوبائی مشیر ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیات نسیم الرحمٰن ملاخیل نے عالمی یومِ ماحولیات کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ موجودہ ماحولیاتی چیلنجز، خصوصاً موسمیاتی تبدیلی، آلودگی، جنگلات کی کٹائی اور پانی کی قلت جیسے مسائل کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمیں اجتماعی طور پر سنجیدہ اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان ماحولیاتی تحفظ اور قدرتی وسائل کے پائیدار استعمال کے لیے کئی منصوبوں پر کام کر رہی ہے، جن میں شجرکاری مہم، فضائی اور زمینی آلودگی کی نگرانی، پانی کے وسائل کا بہتر انتظام، اور ماحول دوست پالیسی سازی شامل ہے۔ صوبے میں عوامی آگاہی مہمات بھی چلائی جا رہی ہیں تاکہ ماحول سے متعلق شعور اجاگر کیا جا سکے۔

(جاری ہے)

نسیم الرحمٰن ملاخیل نے کہا کہ اس سال یومِ ماحولیات کا عالمی موضوع دنیا بھر سے پلاسٹک آلودگی کا خاتمہ ہے، جو ہماری صوبائی حکمت عملی کے عین مطابق ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کا قدرتی تنوع، بشمول پہاڑ، صحرا، جنگلات اور ساحلی علاقے، نہ صرف مقامی حیات کو سہارا دیتے ہیں بلکہ ماحولیاتی توازن کے لیے بھی اہم ہیں۔ ان وسائل کا تحفظ ہماری آنے والی نسلوں کی بقاء سے جُڑا ہے۔

انہوں نے تعلیمی اداروں، سول سوسائٹی، میڈیا، کاروباری طبقے اور نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ ماحول دوست سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور حکومتی اقدامات کا ساتھ دیں۔ اس موقع پر انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت بلوچستان اقوامِ متحدہ کے پائیدار ترقیاتی اہداف کے تحت ماحولیاتی بہتری کے لیے اپنی کوششیں مزید تیز کرے گی تاکہ بلوچستان کو ایک صاف، سبز اور تابناک مستقبل کی طرف لے جایا جا سکے۔