Live Updates

پاکستانی سفارتخا نہ واشنگٹن ڈی سی کی جانب سے امریکا کا دورہ کرنے والے اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں استقبالیہ ، پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران ایک ذمہ دار فریق کے طور پر کردار ادا کیا ہے، بلاول بھٹو زرداری

جمعہ 6 جون 2025 00:00

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) سفارتی مشن کے سربراہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران ایک ذمہ دار فریق کے طور پر کردار ادا کیا ہے، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار جامع مکالمے سے ہی ممکن ہے۔جمعرات کو پی پی پی میڈیا سیل سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی سفارتخا نہ واشنگٹن ڈی سی کی جانب سے پاکستان سے امریکا کا دورہ کرنے والے اعلیٰ سطح کے پارلیمانی وفد کے اعزاز میں ایک استقبالیہ کا اہتمام کیا گیا، اس تقریب میں امریکا بھر سے پاکستانی امریکی کمیونٹی کے سرکردہ اراکین شریک ہوئے،،سفارت خانے کی جانب سے منعقدہ ایونٹ میں پاک امریکا تعلقات، علاقائی استحکام، اور پاکستان امریکا تعلقات کو مضبوط بنانے میں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے کردار پر بات چیت ہوئی، اپنے کلیدی خطاب میں پاکستان کے سفارتی مشن کے سربراہ، چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی اور سابق وزیرِ خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امریکا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی اہمیت کودونوں ممالک کے درمیان پل کے طور پر اجاگر کیا اور کمیونٹی کے اراکین پر زور دیا کہ وہ امن اور خوشحالی کے مشترکہ مقصد میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں، حالیہ پاک بھارت کشیدگی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے بھارتی جارحیت کے خلاف ملک کےدفاع پر پاکستانی مسلح افواج کی بہادری کی تعریف کی اور عالمی سطح پر پاکستان کے موقف کو مؤثر طریقے سے پیش کرنے کے لیے پاکستانی سفارتی مشنوں کی کوشششوں کو سراہا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ کشیدگی کے دوران ایک ذمہ دار فریق کے طور پر کردار ادا کیا ہے، ہمارا مشن واضح ہے، ہم مکالمے اور سفارتکاری کے ذریعے امن کا حصول چاہتے ہے اور ہم عالمی برادری سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس کوشش میں ہمارا ساتھ دے کیونکہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کا انحصار جامع مکالمے سے ہی ممکن ہے، علاقائی تعاون کی معاشی صلاحیت پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ ایک پرامن جنوبی ایشیا، جہاں بھارت اور پاکستان کے درمیان تجارت معمول پر آئے، تمام متعلقہ ممالک کے لیے بے پناہ فوائد کا باعث بنے گا،شرکاء، جن میں کمیونٹی رہنما اور مختلف پیشوں سے تعلق رکھنے والے معروف افراد شامل تھے، نے پاکستانی حکومت اور مسلح افواج کے لیے اپنی غیر متزلزل حمایت کا اظہار کیا۔

انہوں نے پاکستان کے مفادات کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا، سفیرپاکستان رضوان سعید شیخ نے تقریب کے اختتام پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور سفارتخانے کی جانب سے مضبوط عوامی روابط کو فروغ دینے کے عزم کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم اتحاد اور مکالمے کی طاقت کو اجاگر کرتا ہے۔ ہم مل کر عالمی سطح پر پاکستان کے بیانیے کی حمایت جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ بیان مرصوص کا فلسفہ اس وقت مکمل ہوگا جب ہم معاشی میدان میں استحکام حاصل کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات