Live Updates

واسا ایبٹ آباد کے زیر اہتمام عید الاضحیٰ آپریشن کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی تقریب

جمعہ 6 جون 2025 14:40

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) واسا ایبٹ آباد کے زیر اہتمام عید الاضحیٰ آپریشن کی تیاریوں کے حوالے سے خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا،واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز کمپنی ایبٹ آباد نے عید الا ضحیٰ کے موقع پر صفائی کے خصوصی انتظامات کی منصوبہ بندی تمام سٹیک ہولڈرز کسیاتھ شیئر کرنے اور اس خصوصی مہم کو کامیاب بنا نے کے لئے تقریب کا انعقاد کیا جس میں واسا کے چیئرمین و بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ممبران،واسا افسران،علماء کرام،سول سوسائٹی،بلدیاتی ممبران،میڈیا نمائندگان،وکلاء، تاجر برادی اور کمیونٹی ممبران نے شرکت کی،اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر ریحان یوسف نے تقریب کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود تمام آپریشنز کی نگرانی کے لئے فیلڈ میں موجود رہیں گے،ادارہ سابقہ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی عوامی امیدوں پر پورا اترے گا اور عید الاضحیٰ کے موقع پر 24 گھنٹوں میں شہر کو صاف کر کے قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو ٹھکانے لگائے گا،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے واسا کے ترجمان عمر سواتی نے عیدالاضحٰی کے لئے تشکیل کردہ خصوصی منصوبہ بندی پر شرکاء کو بریفنگ دی اور بتایا کہ ادارے نے تمام آپریشنل سٹاف کی چھٹیاں منسوخ کر دی ہیں اور قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لئے 130 مقامات مختص کئے گئے ہیں،عید الاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران واسا کا کمپلینٹ سیل دن رات کھلا رہے گا،آپریشنز میں 480 سٹاف ممبران اور 30سے زائد چھوٹی بڑی گاڑیاں حصہ لیں گی،انہوں نے بتایا کہ ادارہ سنت ابراہیمی ادا کرنے والے شہریوں میں بائیو ڈگریڈیبل بیگز تقسیم کررہا ہے اور عوامی آگاہی کے لئے مقررہ مقامات پر بینرز آویزاں کیے گئے ہیں اس کے علاوہ گھر گھر پمفلٹس و دیگر آئی ای سی مواد بھی تقسیم کیا جارہا ہے،عمر سواتی نے کہا کہ واسا ایبٹ آباد عید کے موقع پر بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائے گا۔

Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات