Live Updates

صاف ستھرا پنجاب پروگرام تحصیل رحیم یارخان عید الاضحی کے تیاری مکمل ہے۔آپریشنل منیجر

جمعہ 6 جون 2025 15:18

رحیم یارخان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) عیدالاضحیٰ کے موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب محترمہ مریم نواز شریف کے ویژن ''ستھرا پنجاب'' کے تحت صوبے بھر میں صفائی کے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، اسی سلسلے میں تحصیل رحیم یار خان میں بھی عیدالضحیٰ پر صفائی مہم زور شورسے جاری ہے جس کا مقصد قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اور مؤثرطریقے سے ٹھکانے لگاکرشہرکو صاف ستھرا رکھنا ہے عیدالاضحی کے ایام میں اکثر شہروں میں صفائی کا مسئلہ سنگین صورت اختیار کر لیتاہے جس سے نہ صرف شہریوں کو بدبو اورگندگی کا سامنا کرنا پڑتا ہے بلکہ ماحولیاتی آلودگی اور صحت کے مسائل بھی جنم لیتے ہیں، وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے اس مسئلے کا بروقت ادراک کرتے ہوئے ستھرا پنجاب'' کے عنوان سے خصوصی صفائی مہم شروع کروائی ہے جس کا مقصد عوام کو صاف ماحول فراہم کرنا ہے رحیم یارخان میں اس حوالے سے آپریشنل مینجرسمیع اللہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ تحصیل رحیم یارخان میں شہریوں کی سہولت کے لیے 30 سے زائد کلیکشن پوائنٹس قائم کیے گئے ہیں جہاں آلائشوں کو اکٹھا کیا جائے گا اورانہیں فوری طور پر محفوظ طریقے سے تلف کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ صفائی کے عمل کو مؤثر بنانے کے لیے ٹیم ستھرا پنجاب نے دو لاکھ سے زائد ویسٹ بیگزشہریوں میں گھر گھر تقسیم کیے ہیں تاکہ قربانی کے بعد جانوروں کی آلائشوں کو مخصوص تھیلوں میں ڈال کر صفائی عملے کے حوالے کیا جا سکے اس سے نہ صرف گلی کوچوں میں گندگی پھیلنے سے روکا جا سکے گا بلکہ شہریوں کی صحت بھی محفوظ رہے گیاانہوں نے مزید کہا کہ ویسٹ بیگز کی تقسیم کا عمل عید سے قبل مکمل کر لیا گیاہے اور صفائی کے عمل کو 24 گھنٹے فعال رکھنے کے لیے ہر کلیکشن پوائنٹ پر ذمہ دار عملہ تعینات کیا گیا ہے جو نہ صرف آلائشیں اکٹھی کرے گا بلکہ اس بات کو بھی یقینی بنائے گا کہ علاقے میں چونا چھڑکاؤ اور جراثیم کش اسپرے باقاعدگی سے کیا جائے، شہریوں کی آگاہی اور تعاون کے لیے سوشل میڈیا، بینرز، پمفلٹس اور مقامی اعلانات کے ذریعے معلوماتی مہم بھی چلائی جا رہی ہے، ڈپٹی کمشنرقندیل فاطمہ میمن نے بھی ستھراپنجاب ٹیم کی جانب سے لگائے گئے کیمپ کادورہ کیااورشہریوں کوقربانی کے جانوروں کی الائشوں کوٹھکانے لگانے کے لیے ویسٹ بیگزتقسیم کیے، اس موقع پرشہریوں سے گفتگوکرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرقندیل فاطمہ میمن نے کہاکہ وہ اپنی قربانی گھروں میں کریں جانوروں کی آلائشیں گلیوں یا خالی پلاٹوں میں پھینکنے سے گریزکریں اورانہیں دیے گئے ویسٹ بیگز میں ڈال کر قریبی کلیکشن پوائنٹ یا صفائی عملے کے حوالے کریں یہ مہم صرف حکومتی کوششوں سے کامیاب نہیں ہو سکتی جب تک عوام خود بھی اس میں اپنا بھرپور کردار ادا نہ کریں ایک ذمہ دار شہری ہونے کے ناطے ہر فرد کی یہ اخلاقی و شہری ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے اردگرد کے ماحول کو صاف رکھنے میں اپنا حصہ ڈالے صفائی کے نظام کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی مانیٹرنگ سیل قائم کیا گیا ہے جو تمام کلیکشن پوائنٹس، ویسٹ بیگز کی ترسیل اور آلائشوں کی تلفی کے عمل پر کڑی نظر رکھے گاکسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں شہری فوری طور پر ہیلپ لائن پر رابطہ کر سکتے ہیں عیدالاضحی کے تینوں ایام میں صفائی کا عمل بغیر کسی تعطل کے جاری رہے گااور تمام آلائشوں کو محفوظ طریقے سے لینڈ فل سائٹس تک منتقل کیا جائے گا،اسسٹنٹ کمشنر عبدالحنان،چیف افیسر بلدیہ رانا محمود،ایم پی اے محمودالحسن چیمہ، انجمن تاجران کے رہنماؤں سمیت دیگر اہم شخصیات نے ستھرا پنجاب کی جانب سے قائم کئے گئے کیمپوں کا دورہ کیا اور شہریوں میں ویسٹ بیگز کی تقسیم کیے۔

\378
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات