Live Updates

نہیں بتا سکتا کہ کتنے سال میں پاکستانی فٹبال ٹیم کھڑی ہوجائے گی، ہیڈکوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن

میانمار کے خلاف میچ کیلئے تیاری پوری کریں گے، یہ چیلنجنگ ٹیم ہے، خصوصی بات چیت

جمعہ 6 جون 2025 16:27

اسلام آبا د(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 جون2025ء)قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن نے کہا ہے کہ میں نہیں بتا سکتا کہ کتنے سال میں پاکستان کی فٹبال ٹیم کھڑی ہوجائے گی، تاہم پی ایف ایف انتخابات کے بعد پاکستان فٹبال میں استحکام اور ٹیلنٹ ہنٹ کرنے کی امید ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے اسٹیفن کانسٹنٹائن نے کہا کہ ایشین کپ کوالیفائرز کیلئے کم وقت میں زیادہ محنت کی جارہی ہے۔

انہوںنے کہاکہ میانمار کے خلاف میچ کیلئے تیاری پوری کریں گے، یہ چیلنجنگ ٹیم ہے۔انہوں نے کہا کہ لیگ کی عدم موجودگی پاکستان فٹبال کا کمزور پہلو ہے، ڈیویلپمنٹ کا کام نہیں ہوگا تو نیا کھلاڑی اپنے کھیل میں بہتری نہیں لاپائے گا۔ماضی کا تجربہ شیئر کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ جب بھارت کا کوچ تھا تو وہاں 16 ٹیموں پر مبنی فٹبال لیگ ہوتی تھی۔

(جاری ہے)

بارہ سال بعد بھارتی فٹبال فیڈریشن نے فرنچائز لیگ متعارف کروائی۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ میں نہیں سمجھتا پاکستان میں صرف ایک کھیل کرکٹ کو ہی کھیلا اور دیکھا جاتا ہے۔ پاکستان میں کرکٹ کو قومی ٹیم کی بہتر پرفارمینس کے باعث دیکھا جاتا ہے۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان فٹبال میں میرٹ پر فیصلے ہوتے رہے تو فٹبال ٹیلنٹ کی کمی نہیں، پاکستان میں ایک دو نہیں بلکہ سب ہی مستقبل کے اسٹارز ہیں۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات