Live Updates

نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس: زیادہ کرایہ لینے پر31 لاکھ 64ہزار سے زائد رقم مسافروں کو واپس ، اوورلوڈنگ پر ایک کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ

جمعہ 6 جون 2025 19:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 06 جون2025ء) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ملک کے مختلف شہروں میں مسافروں سے زائد کرایہ لینے والے ٹرانسپورٹ عملہ کے خلاف آپریشن کرکے مسافروں سے زائد کرائے کی مد میں وصول کی گئی31 لاکھ 64ہزار سے زائد کی رقم مسافروں کو واپس کرا دی جبکہ اوورلوڈنگ پر ایک کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا۔

ترجمان نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کی طرف سے جمعہ کو جاری بیان کے مطابق عید کے موقع پر زائد کرایہ اور اوورلوڈنگ کرنے والوں کے خلاف موٹروے پولیس کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔ ملک بھر کے مختلف شہروں میں سواری والی گاڑیوں کے خلاف زائد کرائے لینے کی شکایات کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے موٹروے پولیس نے 31 لاکھ 64 ہزار سے زائد رقم مسافروں کو واپس کرا دی جو مسافروں سے زائد وصول کئے گئے تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ اوور لوڈنگ کرنے والوں کے خلاف ایک کروڑ 81 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ عائد کردیا ۔ موٹر ویز اور ہائی ویز پر سواری والی گاڑیوں کی سخت چیکنگ اور موٹر ویز اور ہائی ویز پر روڈ سیفٹی بریفنگ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ موٹر وے پر سفر کرنے والے ڈرائیور سے گزارش ہے کہ سیٹ بیلٹ کا استعمال کریں، حد رفتار کا خیال رکھیں ، تھکاوٹ یا غنودگی کی صورت میں ہرگز ڈرائیو نہ کریں اور ٹریفک قوانین پر عمل پیرا رہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ اوور لوڈنگ، اوور چارجنگ یا کسی بھی قسم کی شکایت یا مدد کے لیے موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130 پر رابطہ کیا جا سکتا ہے ۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات