Live Updates

وفاقی وزیر انجینئر امیر مقام نے عید الاضحیٰ کی نماز اپنے آبائی علاقے پورن چاگم، شانگلہ میں ادا کی

ہفتہ 7 جون 2025 10:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 جون2025ء) وفاقی وزیر برائے امورِ کشمیر، گلگت بلتستان، سیفران اور صدر مسلم لیگ (ن) خیبر پختونخوا انجینئر امیر مقام نے ہفتہ کے روز عید الاضحیٰ کی نماز اپنے آبائی علاقے پورن چاگم، شانگلہ میں ادا کی اوراس بابرکت موقع پر ملک کی یکجہتی، خوشحالی اور سلامتی کے لیے خصوصی دعائیں بھی کیں۔اجتماع میں مقبوضہ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم عوام کی آزادی و فلاح کی دعا بھی کی گئی۔

وزارت امور کشمیر کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق نماز عید کی ادائیگی کے بعد وفاقی وزیر امیر مقام نے مقامی رہائشیوں، عمائدین اور سیاسی کارکنوں سے عید کی پرخلوص مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے قومی یکجہتی کی اہمیت پر زور دیا اور ملکی دفاع میں مسلح افواج کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا ہمارے بہادر شہداء نے مادرِ وطن کی سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

ہم ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس مقدس دن پر ان کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں۔وفاقی وزیر نے کشمیری اور فلسطینی عوام کی جاری جدوجہد کو اجاگر کرتے ہوئے پاکستان کے غیر متزلزل مؤقف کو دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اس بابرکت موقع پر اپنے مظلوم کشمیری اور فلسطینی بھائیوں اور بہنوں کو نہیں بھولنا چاہیے۔ جب تک وہ اپنے جائز حقوق حاصل نہیں کر لیتے پاکستان ان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات