Live Updates

چین نے بھارتی معیشت کے لیے خطرے کی گھنٹی بجادی

اتوار 8 جون 2025 12:30

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) چین نے ایک اقدام کے تحت بھارت کو نایاب دھاتوں کی برآمد پر پابندی لگا کر بھارتی معیشت کے لئے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس پابندی کے بعد اب بھارتی آٹو انڈسٹری شدیدبحران کاشکار ہے۔ آٹو انڈسٹری میں چین پر انحصار نے بھارت کو بے بس کر دیا ہے ۔ بھارت کی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری متاثر ہونے سے صنعت میں ہلچل مچ گئی ہے۔

چینی فیصلے کے بعد الیکٹرک گاڑیوں کے لیے درکار نایاب میگنٹس کی سپلائی معطل ہے جس سے بھارت کی روایتی گاڑیوں کی پیداوار بھی متاثر ہو رہی ہے۔ نایاب دھاتوں کی برآمد پر پابندی کے چینی فیصلے کے بعد بھارت کے پاس کوئی متبادل نہیں ہے جس کے باعث بھارتی آٹو انڈسٹری میں ہلچل مچ گئی ہے اور صنعت کاروں نے حکومت سے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ہے۔

(جاری ہے)

چینی اقدام سے بھارتی کارخانوں کی بندش کے خدشے کے ساتھ ساتھ روزگار پر بھی منفی اثرات رونما ہو رہے ہیں۔ چین کی پابندی سے مودی حکومت کے'' میک اِن انڈیا'' کے دعوئوں کو بڑا جھٹکا لگا ہے اور بھارت میں گاڑیوں کی قیمتوں میں ممکنہ اضافہ متوقع ہے۔چینی اقدام سے بھارت کی صنعتی خودمختاری پر بھی سوالیہ نشان لگ گیا ہے اور ایک بار پھر بھارتی صنعت غیر ملکی رحم و کرم پر ہے۔

اس سے بھارت کا صنعتی خواب چکنا چور ہو گیا ہے۔یاد رہے کہ بھارت کی الیکٹرک گاڑیوں اور روایتی آٹو پروڈکشن کا دار و مدار انہی نایاب دھاتوں پر ہے اور چین دنیا بھر میں ان دھاتوں کا سب سے بڑا سپلائر ہے۔ اس پابندی سے بھارت کی آٹو انڈسٹری کی پیداوار سست اور روزگار پر منفی اثرات سامنے آنے لگے ہیں۔مودی حکومت پر سوالات اٹھنے لگے ہیں کہ کیا صنعتی خود کفالت صرف ایک نعرہ تھا؟ کیا مودی حکومت نے غیر ملکی انحصار کے خطرات کو نظرانداز کیا؟اقتصادی ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر متبادل نہ ملا تو بھارت کی آٹو انڈسٹری کو مزید بڑے معاشی نقصانات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

کیا مودی حکومت چینی انحصار سے نکل پائے گی؟، بظاہر یہ مشکل لگتا ہے کیوں کہ میک ان انڈیا کے نعرے کی حقیقت چین ہی کی مرہون منت ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات