اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 08 جون 2025ء) میونخ میں ایک مرد اور ایک خاتون پر مبینہ طور چاقو حملہ کرنے والی خاتون، پولیس کی گولی سے ہلاک۔ چاقو سے زخمی ہونے والوں کو معمولی زخم آئے۔
جرمنی کے جنوبی صوبے باویریا کے دارالحکومت میونخ میں ہفتے کے روز ''تھریزین ویزے‘‘ میں ایک چاقو حملہ ہوا۔ اس مقام پر ہر سال مشہور زمانہ اکتوبر فیسٹیول کا انعقاد ہوتا ہے۔
حکام کے مطابق مبینہ حملہ آور ایک 30 سالہ خاتون تھیں جنہوں نے ایک مرد اور ایک خاتون پر چاقو حملہ کرنے کی کوشش کی۔ میونخ کے حکومتی ترجمان نے اتوار کو بتایا کہ چاقو کا نشانہ بننے والے دونوں افراد کو معمولی زخم آئے اور انہیں علاج کے لیے ہسپتال نہیں جانا پڑا، تاہم پولیس نے حملہ آور خاتون پر گولی چلائی۔
(جاری ہے)
پولیس کے بیان میں کہا گیا کہ پولیس اہلکاروں نے مبینہ حملہ آور پر فائرنگ کی اور اُس کے بعد اُسے زخمی حالت میں ہسپتال پہنچایا گیا جہاں بعد ازاں وہ دم توڑ گئیں۔
حکام نے مشتبہ حملہ آور، اور حملے کا نشانہ بننے والے دونوں اشخاص کے مابین کسی قسم کے تعلق کی تصدیق نہیں کی ہے۔
پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ اس حملے کے پیچھے کون سے محرکات کارفرما تھے اس بارے میں کوئی معلومات حاصل نہیں ہوئی ہیں اور یہ کیس زیر تفتیش ہے۔ حملہ آور خاتون کرائم سین کے نزدیک ہی رہتی تھی تاہم اُس کا کوئی پُر تشدد جرائم کا سابقہ ریکارڈ موجود نہیں ہے۔
اسٹیٹ آفس آف کرمنل انویسٹی گیشن نے پولیس کی فائرنگ کی تفتیش کا کام سنبھال لیا ہے۔ دریں اثناء میونخ کا، قتل کی تحقیقات کرنے والا پولیس یونٹ خاتون حملہ آور کے مبینہ جرم کے کیس کی انکوائری کی قیادت کر رہا ہے۔
ادارت: افسر اعوان