سات اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے تھائی باشندے کی لاش برآمد کر لی ہے، اسرائیل

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 7 جون 2025 16:40

سات اکتوبر کو یرغمال بنائے گئے تھائی باشندے کی لاش برآمد کر لی ہے، اسرائیل

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 07 جون 2025ء) اسرائیلی حکومت کا کہنا ہے کہ پنٹا کو سات اکتوبر 2023ء کو فلسطینی عسکریت پسندوں کے اسرائیل کے اندر کیے جانے والے دہشت گردانہ حملے کے دوران کیبوتس نیرعوز سے اغوا کیا گیا تھا اور انہیں جنگ کے آغاز میں ہی قتل کر دیا گیا تھا۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق حماس کے عسکریت پسندوں کے قبضے میں غیر ملکیوں کا سب سے بڑا گروہ تھائی لینڈ کا تھا۔

عید الاضحی کے روز مزید سولہ فلسطینی ہلاک، حماس

سلامتی کونسل میں امریکہ نے غزہ جنگ بندی کی قرارداد ویٹو کردی

اسرائیل کی طرف سے یہ اعلان دو اسرائیلی نژاد امریکی یرغمالیوں کی لاشیں برآمد ہونے کے دو روز بعد سامنے آیا ہے۔

اسرائیلی اعداد وشمار کے مطابق غزہ میں اب بھی 55 یرغمالی موجود ہیں۔

(جاری ہے)

اسرائیلی فوج کا ماننا ہے کہ ان میں سے نصف سے زائد ہلاک ہو چکے ہیں۔

اسرائیلی وزیر دفاع نے آج ہفتہ سات جون کو کہا ہے کہ پنٹا کی لاش رفح کے علاقے سے برآمد کی گئی ۔ وہ تھائی لینڈ سے زراعت کے شعبے میں کام کرنے کے لیے اسرائیل آئے تھے۔

جمعرات کے روز اسرائیل نے جوڈی وائن سٹائن اور گاڈ ہاگائی کی لاشیں برآمد کیں جن کے پاس اسرائیلی اور امریکی شہریت تھی۔

یہ پیش رفت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب اسرائیل غزہ میں اپنا آپریشن جاری رکھے ہوئے ہے۔

جمعے اور ہفتہ کی درمیانی شب اسرائیلی حملوں میں کم از کم 22 فلسطینی مارے گئے۔
غزہ کی جنگکا آغاز سات اکتوبر 2023 ء کو فلسطینی عسکریت پسند گروپ حماس کی طرف سے اسرائیل کے اندر کیے جانے والے ایک بڑے دہشت گردانہ حملے کے بعد ہوا تھا۔

اسرائیل کی سرکاری طور پر جاری کردہ معلومات کی بنیاد پر مرتب کردہ اے ایف پی کے اعداد و شمار کے مطابق حماس کے اس حملے کے نتیجے میں 1,218 افراد ہلاک ہوئے، جن میں سے زیادہ تر عام شہری تھے۔

اس دوران 251 افراد کو یرغمال بنا کر غزہ پٹی بھی لے جایا گیا تھا۔

حماس کے زیر انتظام غزہ پٹی کی وزارت صحت کے مطابق اسرائیل کی طرف سے غزہ پٹی میں جاری فوجی کارروائیوں میں ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد بھی اب 54,677 ہو گئی ہے، جن میں سے زیادہ تر خواتین اور بچے تھے۔

ادارت: کشور مصطفیٰ، عاطف توقیر