عید الضحیٰ اپنی انا، خواہشات اور ذاتی مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنے کا درس ہے، شہباز شریف

DW ڈی ڈبلیو ہفتہ 7 جون 2025 20:20

عید الضحیٰ اپنی انا، خواہشات اور ذاتی مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 07 جون 2025ء) پاکستان میں ہفتہ سات جون کو مسلمانوں کے دو بڑے تہواروں میں سے ایک عید الاضحیٰ کا تہوار عقیدت و احترام سے منایا جا رہا ہے۔ اس موقع پر قائدین نے عوام سے اتحاد اور بے لوث جذبے اور قربانی کے مظاہرے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ موقع ہے قربانی، محبت، بھائی چارگی جیسی اقدار کو فروغ دینے کا۔

ملک بھر میں مساجد، عیدگاہوں اور دیگر عوامی مقامات پر باجماعت نماز عید ادا کی گئی۔

صدر پاکستان کا بیان

پاکستان کے صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر پوری پاکستانی قوم اور دنیا بھر میں مسلم امہ کو دلی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے قوم کے طرز عمل میں قربانی، محبت، بھائی چارے اور اتحاد کی اقدار کو فروغ دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

(جاری ہے)

اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ یہ دن لوگوں میں ایمان، قربانی، بے لوثی اور بھائی چارے کے جذبے کو زندہ کرتا ہے۔

آصف علی زرداری کے بقول، ''بحیثیت قوم ہمیں ایک دوسرے کا ساتھ دینا چاہیے، ایک دوسرے کے دکھ درد میں شریک ہونا چاہیے اور ایک خوشحال اور عظیم پاکستان کی تعمیر کے لیے مل کر کام کرنا چاہیے۔‘‘

وزیر اعظم کا پیغام

پاکستانی وزیر اعظم شہباز شریف نے عیدالاضحیٰ کے پیغام میں کہا کہ یہ دن صرف جانوروں کی قربانی تک محدود نہیں۔

''یہ ہمیں اپنی انا، خواہشات اور ذاتی مفادات کو اعلیٰ مقاصد کے لیے قربان کرنے کا درس بھی دیتا ہے۔‘‘

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا، ''ہمارا پیارا وطن پاکستان ترقی کی راہ پر گامزن ہے، ہمیں اتحاد، قربانی اور بے لوثی کے جذبے کو اپنانا ہوگا۔‘‘ انہوں نے کہا کہ عیدالاضحیٰ ہمیں نہ صرف جان و مال کی قربانی کی اہمیت کا درس دیتی ہے بلکہ یہ بھی بتاتی کہ قومیں اس وقت عظمت حاصل کرتی ہیں جب وہ انفرادی ترقی کے ساتھ ساتھ اجتماعی فلاح و بہبود کے لیے کام کرتی ہیں۔‘‘

ادارت: افسر اعوان