Live Updates

راولپنڈی میں عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن بھی سنت ابراہیمی کی پیروی، مذہبی عقیدت و احترام اور بھائی چارے کی فضاء میں منایا گیا

اتوار 8 جون 2025 20:10

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) راولپنڈی میں عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن بھی سنت ابراہیمی کی پیروی، مذہبی عقیدت و احترام اور بھائی چارے کی فضاء میں منایا گیا۔ لاکھوں مسلمانوں نے قربانی کی سعادت حاصل کی تاہم پہلے دن کے مقابلے میں قربانی کے عمل میں کچھ کمی دیکھی گئی۔ شہریوں نے عید کی خوشیوں کو اپنوں کے ساتھ بانٹتے ہوئے دعوتوں، میل ملاقاتوں اور تفریحی سرگرمیوں کا بھرپور اہتمام کیا۔

خواتین نے دن کا بڑا حصہ گوشت کی تقسیم، مختلف لذیذ پکوانوں کی تیاری اور مہمانوں کی خاطر مدارت میں گزارا جبکہ بچے جھولوں، آئس کریم، کولڈ ڈرنکس اور دیگر سرگرمیوں سے خوب لطف اندوز ہوتے رہے۔ نوجوانوں نے دوستوں کے ساتھ سیر و تفریح اور دعوتوں کے ذریعے دن کو یادگار بنایا اور بزرگ افراد روایتی محفلوں میں شریک رہے۔

(جاری ہے)

عید کے دوسرے روز گرم موسم کے باوجود شہر کے تفریحی مقامات پر خاصی گہما گہمی رہی۔

فیملی پارکس، تفریحی مراکز اور پکنک پوائنٹس پر شہریوں کی بڑی تعداد نے رخ کیا جہاں بچوں، خواتین اور بزرگوں سمیت ہر عمر کے افراد نے خوشگوار وقت گزارا۔ امن و امان کی فضا کو برقرار رکھنے کے لیے راولپنڈی پولیس کی جانب سے دوسرے روز بھی سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے۔ شہر بھر میں پولیس اہلکار گشت کرتے رہے جبکہ اہم مقامات پر خصوصی چوکیاں قائم کی گئیں۔

سی پی او خالد ہمدانی نے کہا کہ شہریوں کی جان و مال کا تحفظ پولیس کی اولین ترجیح ہے اور فورس 24 گھنٹے متحرک ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ ریسکیو 1122 کی ٹیمیں بھی ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہیں۔ شہر بھر میں صفائی ستھرائی کے لیے خصوصی اقدامات کیے گئے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور ضلعی انتظامیہ نے آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے لیے خصوصی ٹیمیں تعینات کیں جو دن بھر متحرک رہیں۔

شہریوں نے صفائی کی صورت حال اور عملے کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ان کی خدمات کو سراہا۔ دوسری جانب ماہرین صحت نے عوام کو کھانے پینے میں احتیاط برتنے کی تاکید کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ دل، شوگر، بلڈ پریشر اور کولیسٹرول کے مریض کلیجی، گردے، مغز، پائے اور چربیلے کھانوں سے اجتناب کریں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ گھی، تیل اور مصالحہ جات کا زیادہ استعمال معدے اور قلبی امراض کو جنم دے سکتا ہے اس لیے سادہ اور متوازن غذا کو ترجیح دی جائے۔

عیدالاضحیٰ کا دوسرا دن نہ صرف عبادت اور قربانی کا مظہر رہا بلکہ یہ بھائی چارے، محبت، مہمان نوازی اور قومی ہم آہنگی کی ایک خوبصورت تصویر بھی پیش کرتا رہا۔ شہریوں نے حکومتی اداروں، صفائی عملے، سیکیورٹی فورسز اور ریسکیو ٹیموں کی خدمات پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا۔
Live عید الاضحیٰ سے متعلق تازہ ترین معلومات