عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی نے مثالی کارکردگی سے شہر میں صفائی کا بہترین انتظام برقرار رکھا

اتوار 8 جون 2025 22:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 جون2025ء) عیدالاضحیٰ کے دوسرے روز بھی راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) نے مثالی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے شہر میں صفائی کا بہترین انتظام برقرار رکھا۔ ترجمان آر ڈبلیو ایم سی کے مطابق کمپنی نے اب تک مجموعی طور پر 17,800 ٹن آلائشیں بروقت اور محفوظ انداز میں ٹھکانے لگا دیں جن میں پہلے روز کی 9085 ٹن اور دوسرے روز کی 8842 ٹن آلائشیں شامل ہیں۔

شدید گرمی، تیز دھوپ اور بدبو جیسے ناموافق حالات کے باوجود آر ڈبلیو ایم سی کے سینیٹری ورکرز نے جذبہ خدمت کے تحت اپنی خدمات سرانجام دیں جو کہ بلاشبہ قابل تحسین ہے۔ ان کا یہ جذبہ شہریوں کو ایک صاف ستھرا اور صحت مند ماحول فراہم کرنے کا ضامن ہے۔ یہ کامیابیاں پنجاب حکومت، بالخصوص وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی براہ راست نگرانی اور سی ای او آر ڈبلیو ایم سی رانا ساجد صفدر کی فعال قیادت کا نتیجہ ہیں۔

(جاری ہے)

سی ای او نے خود فیلڈ میں موجود رہ کر نہ صرف صفائی آپریشن کی نگرانی کی بلکہ عملے کی حوصلہ افزائی بھی کی۔ ان کی قیادت نے صفائی مہم کو ایک مؤثر اور مربوط مشن میں تبدیل کر دیا۔ علاوہ ازیں کمشنر راولپنڈی نے جہلم اور چکوال کا دورہ کر کے آپریشن کا جائزہ لیا جب کہ راولپنڈی میں ایم این اے طاہرہ اورنگزیب، چیئرمین وزیر اعلیٰ انسپکشن ٹیم راجہ محمد حنیف، ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ اور اے ڈی سی عبداللہ خان نے مرکزی کنٹرول روم کا دورہ کر کے کمپنی کے اقدامات کو سراہا۔

رانا ساجد صفدر نے دن بھر مختلف علاقوں، اجتماعی قربان گاہوں، واشنگ پوائنٹس اور آگاہی کیمپوں کا خود معائنہ کیا۔ کمیٹی چوک، کمرشل مارکیٹ، سکستھ روڈ سمیت مختلف مقامات پر قائم کیمپوں کے ذریعے شہریوں میں ویسٹ بیگز کی تقسیم اور صفائی سے متعلق شعور بیداری کا عمل بھی جاری رہا۔ موصول ہونے والی 765 شکایات میں سے 737 کا فوری ازالہ کیا گیا جب کہ باقی پر تیزی سے کام جاری ہے۔ شہریوں کا تعاون اس پورے مشن کی کامیابی میں بنیادی حیثیت رکھتا ہے جس پر کمپنی ان کی شکر گزار ہے۔ ’’ستھرا پنجاب پروگرام‘‘کے تحت آر ڈبلیو ایم سی کا عزم ہے کہ راولپنڈی ڈویژن کو زیرو ویسٹ زون میں تبدیل کر کے اسے پنجاب کا صاف ترین ڈویژن بنایا جائے۔