Live Updates

مظفرآباد، نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ

جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے،عزیر احمد غزالی

پیر 9 جون 2025 11:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) پاسبان حریت جموں و کشمیر کے زیراہتمام آزاد جموںوکشمیر کے دارالحکومت مظفر آباد میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ جموںوکشمیر کے دورے کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرے میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی۔ انہوں نے سیاہ جھنڈے اور بینرز اٹھا رکھے تھے۔ بینروں پر بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیر اور بھارتی فورسز کیطرف سے نہتے کشمیریوں پر جاری وحشیانہ مظالم کے خلاف نعرے درج تھے۔

مظاہرے کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، نائب چیئرمین عثمان علی ہاشم، راجہ گل زرین اور دیگر سیاسی و مذہبی رہنماؤں نے کی۔مظاہرین نے ٹائر جلا کر نریندر مودی کے دورہ کشمیر کے خلاف شدید احتجاج کیا۔

(جاری ہے)

عزیر احمد غزالی نے اس موقع پر کہا کہ جموں و کشمیر کے عوام نریندر مودی کے متنازعہ علاقے کے دورے کو مسترد کرتے ہیں، کشمیریوں نے بھارتی قبضے کو مسترد کیا ہے اور وہ اسکے جبری تسلط سے آزادی چاہتے ہیں۔

عزیر احمد غزالی نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے قیام کے لیے مسئلہ کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت کیخلاف حالیہ لڑائی میں پاکستان کی شاندار فتح سے کشمیری عوام کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت اپنی ہٹ دھرمی ترک کرے اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عملدرآمد کرے۔ نریندر مودی نے گزشتہ روز مقبوضہ علاقے کا دورہ کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات