خلیجی رہنماؤں کی سعودی قیادت کو حج سیزن 2025 کی کامیابی پر مبارک باد

پیر 9 جون 2025 13:00

دوحہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) خلیجی رہنماؤں نےسعودی قیادت کو حج سیزن 2025 کی کامیابی پر مبارک باد کے پیغامات بھیجے ہیں۔ ایس پی اے کے مطابق امیر قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو بھیجے گئے پیغام میں حج سیزن کی کامیابی کی مبارک باد دی اور مملکت کی مزید ترقی اور خوشحالی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

قطر کے نائب امیر، وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے بھی شاہ سلمان کو مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔ امیر کویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد دی۔ انہوں نے مسجد الحرام کی توسیع اور ترقی کے لیے اقدامات، عازمین حج کی خدمات کے لیے سمارٹ اور جدید ٹیکنالوجی متعارف کرانے کی بھی تعریف کی۔

(جاری ہے)

کویت کے ولی عہد شیخ صباح خالد الحمد الصباح نے بھی سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو مبارک باد کا پیغام بھیجا۔ عمان کے سلطان ہیثم بن طارق نے شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو مبارک باد دی۔ متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کو مبارک باد کا پیغام بھیجا۔ متحدہ عرب امارات کے نائب صدر، وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد آل مکتوم، نابب وزیراعظم شیخ منصور بن زاید آل نہیان نے بھی پیغامات بھیجے ہیں۔

متحدہ عرب امارات کی ریاست راس الخیمہ کے حکمران اور سپریم کونسل کے رکن شیخ سعود بن صقر القاسمی، ریاست شارجہ کے حکمران ڈاکٹر سلطان بن محمد القاسمی نے بھی مبارک باد کا پیغام بھیجا ہے۔ بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسی آل خلیفہ نے شاہ سلمان کو اپنے پیغام میں حج سیزن کی کامیابی اور بہترین انتظامات پر مبارک باد دی۔ بحرین کے ولی عہد شہزادہ سلمان بن حمد آل خلیفہ نے بھی سعودی قیادت کو الگ الگ پیغامات بھیجے ہیں۔ انہوں نے مناسک حج کو محفوظ اور آسان بنانے اور حجاج کو خدمات کی فراہمی کےلیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔