Live Updates

جنگ میں فتح کے بعد سفارتی کامیابی سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، ملک امین اسلم خان

پیر 9 جون 2025 14:50

حضرو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) سابق وفاقی وزیر ملک امین اسلم خان نے کہا ہے کہ جنگ میں فتح کے بعد سفارتی کامیابی سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا، پاک فضائیہ نے دشمن کو سبق سکھا دیا،ہماری سفارتی ٹیم نے جس طرح پاکستانی موقف پیش کیا اس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ملک شمشیر اسلم خان ملک محمد حسین خان سابق چیئرمین قیصر خان ملک محمد اعجاز ملک نوشیرواں اشقاق خان ملک عامر عتیق طارق ٹوانہ ملک جاوید کے علاوہ بڑی تعداد میں معززین علاقہ موجود تھے ۔

ملک امین اسلم نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج نے حالیہ کشیدگی میں غیر معمولی جرات، فرض شناسی اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، جس پر پوری قوم بجا طور پر فخر محسوس کرتی ،رافیل طیارے مار گرانا نہ صرف پاک فضائیہ کی بے مثال مہارت اور پیشہ ورانہ تیاری کا منہ بولتا ثبوت ہے بلکہ یہ کارروائی دشمن کے تکبر اور جارحیت کا منہ توڑ جواب تھی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر کی قائدانہ صلاحیتوں کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ فیلڈ مارشل جنرل عاصم منیر نہ صرف مدبر سپہ سالار ہیں ،اُن کی قیادت میں پاک فوج نے اندرونی اور بیرونی خطرات کا جس کامیابی سے مقابلہ کیا، وہ پوری قوم کے لیے باعثِ اطمینان ہے۔گفتگو کے اختتام پر انہوں نے وطن عزیز کی حفاظت، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی اور اس امید کا اظہار کیا کہ پاکستان ان شاءاللہ ہمیشہ قائم و دائم، سر بلند اور ناقابل تسخیر رہے گا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات