ملک بھر میں گرمی کی شدت برقرار ، شہری بے حال،محکمہ موسمیات کا ریکارڈ ٹوٹنے کے خدشے کا اظہار

شہری اپنے سر کو کسی کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں، زیادہ سے زیادہ ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں‘طبی ماہرین

پیر 9 جون 2025 17:50

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) ملک بھر میں شدید گرمی کا سلسلہ برقرار ہے، جس کے باعث شہری بے حال ہونے لگے ہیں۔عید کے تیسرے روز بھی لاہور میں سورج کی تپش کم نہ ہو سکی، صبح سویرے ہی سورج کی تپش نے شہریوں کو بے حال کر دیا جبکہ محکمہ موسمیات نے ریکارڈ ٹوٹنے کے خدشے کا اظہار کیا ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق صوبائی دارالحکومت کا کم سے کم درجہ حرارت 32ڈگری اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 46ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے ۔

موسم کا احوال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ آئندہ چند روز تک لاہور کا موسم گرم رہے گا، شہر میں بارش برسنے کے کوئی امکانات نہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 20فیصد تک جا پہنچا ہے۔اس کے علاوہ کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا میں پارہ معمول سے 7ڈگری تک زیادہ رہنے کی توقع ہے، سندھ، جنوبی پنجاب اور بلوچستان میں درجہ حرارت 4سے 6ڈگری زیادہ رہ سکتا ہے۔

(جاری ہے)

ملک میں بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت کے باعث پیاس بجھانے کے لئے ٹھنڈے مشروبات کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے جبکہ ٹھنڈے پانی، شربت اور آئس کریم کی دکانوں پر شہریوں کا رش بڑھنے لگا ہے۔طبی ماہرین نے شہریوں کو احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شہری گرمی کے موسم میں اپنے سر کو کسی کپڑے سے ڈھانپ کر رکھیں، شہری زیادہ سے زیادہ ٹھنڈے مشروبات کا استعمال کریں، گرمی کی شدت کے پیش نظر خاص طور پر بزرگوں، بچوں اور مریضوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔