عید الاضحیٰ کے موقع پر سیاحوں کی ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں،سی ٹی او مری

پیر 9 جون 2025 18:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) عید الاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران سیاحوں کی ایک لاکھ 30 ہزار سے زیادہ گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں،عید الاضحیٰ کے موقع پر بڑی تعداد میں سیاحوں نے ملکہ کوہسارمری کارخ کیا۔ چیف ٹریفک آفیسرمری مغیث احمد ہاشمی کی ہدایات پر ٹریفک آفیسر مری سہیل شہزاد اور ٹریفک آفیسر مری عظمت حیات اور دیگر افسران شاہراہوں پر ٹریفک کو بلا رکاوٹ رواں دواں رکھنے کے لئے خود موجود رہے۔

سی ٹی او مری مغیث احمد ہاشمی نے ٹریفک آفیسر مری اور ٹریفک پولیس کے ڈیوٹی کرنے والے تمام جوانوں کو انتہائی محنت اور لگن سے ڈیوٹی سر انجام دینے پر شاباش دی۔ اس موقع پر چیف ٹریفک آفیسر مری نے کہاکہ ملکہ کوہسار مری میں سیاحوں کی سہولت اورٹریفک کی روانی کو بلا رکاوٹ برقرار رکھنے کیلئے ٹریفک پولیس کے 250 سے زائد افسروں اورجوانوں نے سر انجام دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ عید کے دنوں کے دوران مری میں سیاحوں کی ایک لاکھ 22ہزار سے زائد گاڑیاں داخل ہوئیں۔ اس دوران سٹی ٹریفک پولیس مری کے افسران و ملازمین کی بہترین حکمت عملی اور ٹریفک پلان پر عملدر آمد کروانے کی بدولت کسی قسم کا ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا،فرائض کی ادائیگی کے دوران 18 ہزار 760 سے زائد سیاحوں کی مختلف طریقوں سے رہنمائی اور مدد کی گئی۔

سی ٹی او مری نے کہاکہ عید الاضحیٰ کے دنوں میں ٹریفک پولیس کے افسروں اورجوانوں نے اپنے پیاروں سے دور رہ کر معمول کی ڈیوٹی سے بڑھ کر اپنے پیشہ ورانہ فرائض انتہائی خوش اسلوبی اور احسن طریقے سے سر انجام دئیے جس کے لئے ان کی جتنی بھی تعریف کی جائے وہ کم ہے۔ سی ٹی او نے احسن طریقے سے ڈیوٹی سر انجام دینے پر ٹریفک وارڈنز و دیگر سٹاف کو تعریفی سرٹیفکیٹ دینے کا اعلان کیا ہے۔ مری میں دوران عید الفطر تعطیلات سٹی ٹریفک پولیس کو عوامی سیاسی و سماجی حلقوں نے بہترین ڈیوٹی کرنے پر خراج تحسین پیش کیا۔