پشتون قوم کو درپیش مشکلات کے خاتمہ کیلئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا،فیصل کنڈی

تمام قبائل کو ریاست سے متحد ہوکر بات کرنی ہوگی، قبائلی اضلاع کی تمام اقوام مشترکہ جرگہ بنا کر اپنے مستقبل کے بارے میں سوچیں،گورنرخیبرپختو نخوا

پیر 9 جون 2025 19:10

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہاہے کہ پشتون قوم کو درپیش مشکلات کے خاتمہ کیلئے متحد ہو کر کام کرنا ہوگا، تمام قبائل کو ریاست سے متحد ہوکر بات کرنی ہوگی، قبائلی اضلاع کے تمام اقوام مشترکہ جرگہ بنا کر اپنے مستقبل کے بارے میں سوچیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز ڈی آئی خان میں محسود جرگہ کیجانب سے منعقدہ تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا. تقریب میں جنوبی وزیرستان اپر کی محسود ، برکی اور بیٹنی اقوام کے اکابرین شریک تھے، محسود جرگہ کے اکابرین نے عطائ محمد محسود کی بازیابی یقینی بنانے پر گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کے کردار کو خراج تحسین پیش کیا. تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ آپ کی وکالت اور عطائ محمد کی بازیابی کے لیئے کردار ادا کرنا میرا فرض تھا، گورنر نے کہا کہ قبائلی عوام کے حقوق کے لیئے وزیر اعظم سے بات کی ہے کہ ہم سیاست نہیں کریں گے ، قبائلی عوام کو ان کیحقوق انہیں ادا کرنے ہونگے، انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام سے انضمام کے بعد سالانہ سو ارب کی فراہمی کا وعدہ پورا نہیں ہوا۔

(جاری ہے)

ضم اضلاع کے سات سو ارب پر صوبائی حکومت نے شب خون مارا، گورنر نے کہا کہ دہشتگردی کے خاتمہ سے قبائلی علاقوں میں امن اور نوجوانوں کا مستقبل روشن ہو گا، صوبہ میں قیام امن کیلئے سب کو ملکر اپنا مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔