اسلام آباد میں تین روزہ زیرو ویسٹ آپریشن، 2012ٹن آلائشیں و ویسٹ ٹھکانے لگا دی گیا

مثالی صفائی و سیکیورٹی انتظامات، محسن نقوی کا سی ڈی اے، پولیس اور شہریوں کو خراج تحسین

پیر 9 جون 2025 21:15

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء) وفاقی دارالحکومت میں عیدالاضحی کے تین روز کے دوران 2012 ٹن ریکارڈ آلائشیں اور ویسٹ شہری و دیہی علاقوں سے بروقت اٹھا کر مناسب طریقے سے ٹھکانے لگا دی گئیں۔ یہ صفائی آپریشن وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر عمل میں لایا گیا، جس کی موثر مانیٹرنگ ڈرونز کے ذریعے کی گئی۔

تفصیلات کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی نے صفائی کے مثالی انتظامات پر سی ڈی اے، ضلعی انتظامیہ اور سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی فیلڈ ٹیموں کو مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پوری ٹیم نے عید کے تینوں دن خدمت کو عبادت سمجھ کر اپنے فرائض انجام دیے، جس کے باعث شہریوں کو صاف، محفوظ اور خوشگوار ماحول فراہم کیا گیا۔وزیر داخلہ نے پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مستعدی، جانفشانی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان اداروں کی جامع منصوبہ بندی اور مثر حکمت عملی کی بدولت اسلام آباد میں عیدالاضحی پر امن طریقے سے گزری۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے کہا کہ شہریوں کی جانب سے صفائی اور امن و امان کے سلسلے میں اداروں سے بے پناہ تعاون کیا گیا، جس نے اس مثالی مہم کو کامیاب بنایا۔ شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے بہترین گورننس کی مثال قائم کی گئی۔آخر میں انہوں نے اللہ تعالی کا شکر ادا کیا کہ عید پرامن گزری، شہریوں نے محفوظ ماحول میں سنتِ ابراہیمی ادا کی اور عید کی خوشیاں منائیں۔ وزیر داخلہ نے عوام کے جان و مال کے تحفظ میں مصروف جوانوں کی فرض شناسی اور جذبے کو سلام پیش کیا۔