بعد از حج پروازیں کل منگل سے شروع ہو ں گی ہیں، وفاقی سیکرٹری مذہبی امور ڈاکٹر عطاء الرحمٰن

پیر 9 جون 2025 23:50

جدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 جون2025ء) حجاج کرام کی وطن واپسی کے لئے بعد از حج پروازوں کا آغاز کل منگل (10 جون) سےہوگا، پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی پہلی پرواز پی کے۔732 کل 307 حجاج کرام کو وطن واپس لائے گی۔ وزارت مذہبی امور کے سیکرٹری ڈاکٹر سید عطاء الرحمٰن نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پہلی پرواز شاہ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ، جدہ سے منگل کو مقامی وقت کے مطابق رات 8:50 بجے روانہ ہوگی اور اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بدھ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 3:50 بجے پہنچے گی ۔

انہوں نے بتایا کہ اسی طرح مدینہ سے پہلی بعد از حج پرواز پی کے -7030، جس میں تقریباً 307 حجاج سوار ہوں گے، 12 جون کو مقامی وقت کے مطابق سہ پہر 3:30 بجے لاہور کے لیے روانہ ہوگی اور رات 10:30 بجے لاہور پہنچنے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عطاء الرحمٰن نے کہا کہ بعد از حج پروازیں 10 جولائی تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے بتایا کہ بعد از حج پروازوں کا سلسلہ 10 جولائی کو مدینہ سے اسلام آباد جانے والی آخری پرواز پی کے-7094 کے ساتھ اختتام پذیر ہوگا، جس میں تقریباً 437 حجاج سوار ہوں گے اور یہ پرواز دوپہر 12:30 بجے روانہ ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ سرکاری اسکیم کے تحت حج کرنے والے کل 88,000 سے زائد حجاج کو 362 پروازوں کے ذریعے وطن واپس پاکستان پہنچایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس سال سرکاری اور نجی اسکیموں کے تحت 115,000 سے زائد پاکستانیوں نے حج کی سعادت حاصل کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان حج مشن نے حجاج کرام کو ان کے ملک واپس لے جانے کے لیے بھرپور انتظامات کر رکھے ہیں۔ tmc\395