Live Updates

بجٹ میں نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت پرانی گاڑیاں سستی ہونے کا امکان

وفاقی حکومت نے آئی ایم ایف کو پرانی گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکسز کم کرنے کی تجویز دے دی

Sajid Ali ساجد علی منگل 10 جون 2025 11:25

بجٹ میں نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت پرانی گاڑیاں سستی ہونے کا امکان
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 جون 2025ء ) بجٹ میں نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت پرانی گاڑیاں سستی ہونے کا امکان ظاہر کردیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق آئندہ مالی سال کے وفاقی بجٹ میں حکومت نیشنل ٹیرف پالیسی کے تحت پرانی گاڑیاں سستی کرنے پر غور کر رہی ہے، پرانی گاڑیوں پر ٹیرف سالانہ 10 فیصد کم کرنے کی تجویز اور آٹو سیکٹر پر نان ٹیرف رکاوٹوں کو ختم کرنے اور 2030ء تک آٹو سیکٹر پر اوسط ٹیرف 6 فیصد سے کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت نے آئی ایم ایف کو پرانی گاڑیوں کی درآمد پر ٹیکسز کم کرنے کی تجویز دی ہے، آئندہ بجٹ میں 5 سال پرانی گاڑیوں کی درآمد اور گاڑیوں پر ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی مرحلہ وار ختم کرنے کی تجویز ہے، گاڑیوں پر ریگولیٹری ڈیوٹیز میں بھی کمی کرنے کی سفارش کی گئی ہے، کسٹمز ایکٹ کے پانچویں شیڈول میں اصلاحات کی تجویز اور آٹو سیکٹر پر نئی ریگولیٹری ڈیوٹیز لاگو نہ کرنے کی سفارش ہے۔

(جاری ہے)

دوسری طرف ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے کو ریلیف دینے کے لیے اس وقت 4 مختلف تجاویز زیر غور ہیں، ایک تجویز کے تحت گریڈ ایک سے 16 تک کے ملازمین کو 30 فیصد ڈسپیئرٹی الاؤنس دینے کی تجویز ہے، دوسری تجویز میں مہنگائی کے تناسب سے تمام سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی سفارش شامل ہے، تیسری تجویز کے تحت گزشتہ دو ایڈہاک ریلیف الاؤنسز میں سے ایک کو بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی سفارش ہے جب کہ چوتھی تجویز میں گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران کے لیے تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کا کہا گیا ہے۔

ذرائع نے مزید کہا ہے کہ ان تجاویز پر مشاورت کے بعد ورکنگ پیپر تیار کیا گیا ہے لیکن ابھی تک کسی بھی تجویز کو حتمی شکل نہیں دی گئی، ورکنگ پیپر آج کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا جس کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق حتمی فیصلہ آج وفاقی کابینہ کرے گی، وزیراعظم شہباز شریف تنخواہ دار طبقے کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینے کے خواہاں ہیں، اسی طرح حکومتی اتحادی جماعتوں کی جانب سے بھی ملازمین کو رعایت دینے کے لیے مثبت مشورے سامنے آئے ہیں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات