Live Updates

بھارتی شہر ممبئی جانیوالے کارگو جہاز میں دھماکے ، 40کنٹینرز سمندر برد

منگل 10 جون 2025 11:56

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) بھارت کے ساحلی شہر ممبئی جانے والے کارگو جہاز پر کئی دھماکوں کے بعد اس میں آگ بھڑک اٹھی اوراس کے نتیجے میں 40کنٹینرز سمندر برد ہوگئے جبکہ عملے کے کئی ارکان کواپنی جان بچانے کے لئے سمندر میں چھلانگ لگانی پڑی۔کشمیرمیڈیاسروس نے غیر ملکی خبررساں ادارے کے حوالے سے بتایا کہ بھارتی ریاست کیرالہ کے قدرتی آفات سے نمٹنے کے ادارے کے سیکریٹری شیکھر کوریاکوز نے بتایا کہ سنگاپور میں رجسٹرڈ WAN HAI 503 نامی بحری جہاز کو کیرالہ کے ساحل سے تقریبا 144 کلومیٹر کے فاصلے پر حادثہ پیش آیا۔

انہوں نے کہا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق جہاز پرعملہ کے 22ارکان موجود تھے جن میں سے 18سمندر میں کود گئے اور اب ریسکیو کشتیوں میں موجود ہیں، ان کو بچانے کی کوششیں جاری ہیں، فی الحال جہاز ڈوب نہیں رہا۔

(جاری ہے)

بھارتی کوسٹ گارڈ کی جانب سے ایکس پر شیئر کی گئی تصاویر اور وڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جہاز سے گہرے سیاہ دھویں کے بادل اٹھ رہے ہیں اور کچھ کنٹینرز کھلے ہوئے اور بکھرے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔

بھارتی وزارتِ دفاع کے پبلک ریلیشنز افسر نے ایکس پر بتایا کہ فی الحال جہاز میں آگ لگی ہوئی ہے اور یہ سمندر میں تیر رہا ہے، حکام نے کنٹینرز میں موجود سامان کی نوعیت یا دھماکوں کی وجہ نہیں بتائی۔گزشتہ ماہ کیرالہ کے ساحل کے قریب ایک اور حادثے میں ایک کنٹینر جہاز ڈوب گیا تھا، جس کے نتیجے میں 100کارگو کنٹینرز بحیرہ عرب میں جا گرے تھے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات