Live Updates

وزیر اعلی پنجاب کا نئے ٹیکس لگانے کی بجائے ٹیکس نیٹ کو وسعت دینے کا فیصلہ خوش آئند ہے، شاہد عمران

منگل 10 جون 2025 13:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 جون2025ء) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینئر شاہد عمران نے وزیر اعلی پنجاب کی جانب سے آئندہ صوبائی بجٹ میں نئے ٹیکسز متعارف کرانے کی بجائے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے۔منگل کو یہاں وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر سیف الرحمن کی قیادت میں تاجروں کے ایک وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس سے معاشی استحکام کو فروغ ملے گا،موجودہ ٹیکس دہندگان پر بوجھ کم ہو گا اور صوبے میں کاروبار ترقی کی راہ پر گامزن ہو گا۔

(جاری ہے)

شاہد عمران نے کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسعت دینا ایک پائیدار حکمت عملی ہے جس سے ٹیکس دینے والے کاروباروں پر زیادہ بوجھ ڈالے بغیر محصولات کو بڑھایا جا سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ معیشت کے اندر دستاویزات اور شفافیت کی حوصلہ افزائی کے ذریعے مالیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کی صوبائی حکومت کی حکمت عملی قابل ستائش ہے۔شاہد عمران نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈیجیٹل انفراسٹرکچر اور ٹیکس آگاہی مہمات میں سرمایہ کاری کرکے اس پالیسی پر موثر عملدرآمد کو یقینی بنائے۔ اس طرح کے اقدامات سے منصفانہ ٹیکس نظام کی تشکیل اور پنجاب کی معیشت کی طویل مدتی ترقی میں مدد ملے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات