عید کے دنوں میں 7,250 ٹریفک حادثات ،58 اموات ہوئیں

تعطیلات کے دوران ریسکیو 1122 نے 30,825 ایمرجنسیز پر رسپانڈ کیا‘ ڈاکٹر رضوان نصیر

منگل 10 جون 2025 20:51

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 10 جون2025ء)پنجاب ایمرجنسی سروس (ریسکیو 1122) نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران صوبہ بھر کے تمام اضلاع میں مجموعی طور پر 30,825 ایمرجنسیز پر بروقت ریسپانس کرتے ہوئے 31,552 ایمرجنسی متاثرین کوریسکیو سروسز فراہم کیں۔ ان ایمرجنسیز میں 7,250 روڈ ٹریفک حادثات شامل تھے جن میں 58 افراد جاں بحق ہوئے، 19,103 میڈیکل ایمرجنسیز میں 794 اموات ہوئیں، جبکہ 669 جرائم کے واقعات میں 31 افراد جان کی بازی ہار گئے۔

دیگر ایمرجنسیز میں 634 گرنی/سلپ ہونے کے واقعات، 597 ڈلیوری کیسز، 543 آتشزدگی کے واقعات، 447 پیشہ ورانہ / کام کے دوران زخمی ہونے کے واقعات، 295 جانوروں کی ریسکیو ایمرجنسیز، 125 کرنٹ لگنے کے واقعات، 81 جھلسنے کے واقعات، 24 ڈوبنے کے واقعات اور 1,056 متفرق ریسکیو ایمرجنسیزشامل تھیں۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ سب سے زیادہ ایمرجنسیز لاہور میں رپورٹ ہوئیں جن کی تعداد 3,090 تھی، فیصل آباد میں 1,889، ملتان میں 1,490، بہاولپورمیں 1,396 اور گوجرانوالہ میں1,341 ایمرجنسیز رپورٹ ہوئیں، جبکہ سب سے کم 329 ایمرجنسیز حافظ آباد میں رپورٹ ہوئیں۔

اس موقع پر ضلعی ایمرجنسی آفیسر فیصل آباد نے ایک ٹریفک حادثے کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ حادثے میں 15 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 6 افراد کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی جبکہ 9 شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ ضلعی ایمرجنسی آفیسر لاہور نے دو مختلف ٹریفک حادثات کی تفصیلات سے آگاہ کیا جن میں سے ایک حادثہ ٹھوکر نیاز بیگ کے قریب پیش آیاجس میں ایک کار اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں 7 افراد زخمی ہوئے، جبکہ دوسرا حادثہ برکی روڈ پر تیز رفتاری کے باعث رکشہ الٹنے سے پیش آیا، جس میں 5 افراد زخمی ہوئے۔

ضلعی ایمرجنسی آفیسر ملتان نے بتایا کہ ایک بس کے ٹائر پھٹنے کے باعث بس الٹ گئی جس میں 11 مسافر زخمی ہوئے۔ راولپنڈی میں مری روڈ پر دو کاروں اور ایک موٹر سائیکل کے درمیان تصادم میں 10 افراد زخمی ہوئے۔ سیالکوٹ میں ٹرک اور لوڈر رکشہ کے درمیان حادثے میں 8 افراد زخمی ہوئے، جن میں دو بچے بھی شامل تھے ۔ بہاولپور کے یزمان روڈ پر ٹریکٹر ٹرالی اور سوزوکی وین آمنے سامنے سے ٹکرائیں جس کے باعث7 افراد زخمی ہوئے۔

گوجرانوالہ میں جی ٹی روڈ پر کار اور موٹر سائیکل کے تصادم میں 6 افراد زخمی ہوئے۔ سرگودھا میں موٹر سائیکل پھسلنے سے 5 افراد زخمی ہوئے جن میں دو بچے بھی شامل تھے۔ رحیم یار خان میں موٹر سائیکل اور گدھا گاڑی کے تصادم میں 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں فوری طور پر شیخ زید اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈپٹی ڈائریکٹر آپریشنز نے بتایا کہ پنجاب ایمرجنسی سروس نے عیدالاضحیٰ کی تعطیلات کے دوران جانوروں کی قربانی اور ان سے متعلقہ سرگرمیوں میں 360 ایمرجنسیز پر ریسپانڈ کیا۔

ان میں 185 کام کے دوران چوٹیں شامل تھیں جو چھری، کلہاڑی یا دیگر اوزاروں کے استعمال سے ہوئیں، جبکہ 175 ایمرجنسیزایسی تھیں جن میںجارحانہ یا قابو سے باہر جانوروں کے باعث ریسکیو آپریشنز کیے گئے۔ مجموعی طور پر 285 افراد زخمی ہوئے، جن میں سے 66 شدید زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ 219 افراد کو موقع پر ہی ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی۔

سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ، ڈاکٹر رضوان نصیر نے عید کے موقع پر ڈیوٹی کرنے والے تمام ریسکیورز کو خراج تحسین پیش کیا اورعوام الناس سے اپیل کی کہ وہ موجودہ شدید گرمی کی لہر میں تیز دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں ۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ گھر سے باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر اختیار کریں، غیر ضروری سرگرمیوں سے گریز کریں، ہلکے اور کھلے کپڑے پہنیں، زیادہ سے زیادہ پانی پیئیں اور سایہ دار یا ٹھنڈی جگہوں پر وقفہ لیں تاکہ ہیٹ اسٹروک اور گرمی سے متعلقہ دیگر ایمرجنسیز سے محفوظ رہا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ ان حفاظتی تدابیر پر عمل عوام کی صحت، تحفظ اورسیفٹی کے لیے نہایت ضروری ہے۔