بجٹ میں معیشت میں کردار ادا کرنے والے شعبوں کی گروتھ کیلئے سمت نہیں دی گئی‘ علی عمران آصف

پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ نا انصافی پر مبنی تجویز ہے ،رئیل سیکٹر کیلئے ٹیکسز میں کمی خوش آئند ہے ‘ سینئر ایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبر

بدھ 11 جون 2025 11:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)سینئر ایگزیکٹو کمیٹی ممبر لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری علی عمران آصف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں معیشت میں کلیدی کردار ادا کرنے والے شعبوں کی گروتھ کے لئے واضح سمت نہیں دی گئی ،پیٹرولیم لیوی میں مزید اضافہ نا انصافی پر مبنی تجویز ہے ،بجٹ میں نئے ٹیکس گزاروں کی تلاش کے لئے کوئی منصوبہ بندی سامنے نہیں آئی ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ کمیٹی کمیٹی کھیلنے کے چکر سے باہر نکلا جائے اورسالانہ800ارب کا نقصان کرنے والے اداروں کی بلا تاخیر نجکاری کی جائے ، اس کے لئے نجی شعبے سے بھی ماہرین کی مدد حاصل کی جائے ۔ حکومت کی جانب سے رئیل سیکٹر کے لئے ٹیکسز میں ریلیف خوش آئند اقدام ہے جس سے اس شعبے کو عروج ملے گا ، جائیداد کی خرید و فروخت اور ٹرانسفر پر ڈیوٹی کم کرنابھی درست سمت میں قدم ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معیشت کو دستاویزی بنانے کے لئے جن کڑے فیصلوں کی ضرورت ہے اس حوالے سے کوئی اعلان نہیں کیا گیا ، برآمدات میں اضافے اورایس ایم ایز کی ترقی کے لئے بھی وہ اقدامات نہیں اٹھائے گئے جو ہماری معیشت کے لئے نا گزیر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف بی آر کے اختیارت میں اضافہ کرنے کی بجائے آٹو میشن کے ذریعے اس میں کمی کی جائے تاکہ لوگوں کا ٹیکس کے نظام پر اعتماد بحال ہو سکے۔