آزاد کشمیر میں چیف الیکشن کمشنر تعینات نہ ہو سکا،آمدہ الیکشن بروقت نہ ہونے کا خدشہ

بدھ 11 جون 2025 16:22

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات مسلم لیگ ن یوتھ ونگ آزاد جموں وکشمیر شرافت علی خلجی نے کہا ہے کہ ریاست کے اندر اس وقت سب سے بڑا آئینی عہدہ چیف الیکشن کمشنر نہ ہونے کی وجہ سے آمدہ الیکشن بروقت ہونے میں خدشہ نظر آ رہا ہے اگر انتخابات عین وقت پر نہ ہوئے تو آزاد جموں وکشمیر میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو سکتا ہے ان خیالات کا اظہار انھوں نے گذشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کے عہدے کے علاوہ چیئرمین پبلک سروس کمیشن،چیئرمین احتساب بیورو،ڈائریکٹر جنرل اینٹی کرپشن،ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ،محتسب اعلیٰ،چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی،سمیت خالی آسامیوں کو خالی رکھ کر حکومت آزادکشمیر ریاستی اداروں کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ حکومت آزادکشمیر فی الفور اپنی عیاشیاں ختم کرتے ہوئے ریاست کے اندر خالی آئینی عہدوں پر تعیناتیاں کر کے عوام کے لئے آسانیاں پیدا کرے اگر حکومت آزادکشمیر نے جلد از جلد ان عہدوں پر تقرریاں نہ کی تو عوام سڑکوں پر نکلیں گے اور اس حکومت کی ناقص پالیسیاں اس کو لے ڈوبے گی۔انھوں نے کہا کہ اس وقت آزادکشمیر کے اندر ریاستی اداروں کو یرغمال بنایا ہوا ہے عوام کئی ماہ سے اس مناظر کو برداشت کئے ہوئے ہیں اگر وزیراعظم آزادکشمیر نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو عوام ان کا چٹا کھٹا کھول کر رکھ دے گی۔