اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 11 جون 2025ء) خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق محمد شاہزیب نامی اس 20 سالہ ملزم کو گزشتہ برس ستمبر میں کینیڈا میں گرفتار کیا گیا تھا۔
کریمنل کمپلینٹ کے مطابق شاہزیب نے نیویارک جا کر بروکلین میں واقع یہودیوں کے مرکز میں فائرنگ کا منصوبہ بنایا تھا۔ دہشت گرد گروپ داعش کی حمایت میں یہ فائرنگ سات اکتوبر کو حماس کی طرف سے اسرائیل کے اندر کیے جانے والے حملے کو دو سال مکمل ہونے کے دن کی جانا تھی۔
امریکہ: انتخابات کے دن حملے کی منصوبہ بندی کرنے والا افغان شہری گرفتار
امریکہ میں حملے کے منصوبہ ساز افغان ملزم کا ساتھی فرانس میں گرفتار
امریکی اٹارنی جے کلیٹون کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق، ’’اس شخص نے آئی ایس (اسلامک اسٹیٹ) کی حمایت میں، خودکار ہتھیار استعمال کرنے کا منصوبہ بنایا تاکہ ممکنہ حد تک زیادہ سے زیادہ یہودیوں کو مارا جا سکے۔
(جاری ہے)
امریکی محکمہ انصاف کے مطابق شاہزیب نے اپنے ان منصوبوں کے بارے میں ایک ایسے شخص کو آگاہ کیا جو اصل میں قانون نافذ کرنے والا ایک اہلکار تھا اور جو اپنی شناخت خفیہ رکھے ہوئے تھا۔
نیوز ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کینیڈا کے حکام نے اس شخص کو اورمزٹاؤن نامی علاقے سے حراست میں لیا، جو امریکی سرحد سے محض 19 کلومیٹر دور ہے۔
شاہزیب پر عائد کیے گئے باقاعدہ الزامات میں دہشت گرد قرار دی گئی ایک غیر ملکی تنظیم کو وسائل اور مادی مدد فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ دہشت گردانہ عمل کرنے کی کوشش شامل ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق اگر اس شخص کے خلاف الزامات ثابت ہو جاتے ہیں تو اسے عمر قید کی سزا ہو سکتی ہے۔
ادارت: امتیاز احمد