Live Updates

وزیر ریلوے کی زیر صدارت اہم اجلاس، سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا

بدھ 11 جون 2025 17:49

وزیر ریلوے کی زیر صدارت اہم اجلاس، سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیرِ صدارت بدھ کو پاکستان ریلویز ہیڈکوارٹرز لاہور میں اہم اجلاس منعقد ہواجس میں سول انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس کے دوران وزیر ریلوے نے معائنے کے نظام پر سخت تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ کاغذی کارروائی کی بنیاد پر کئے جانے والے معائنے ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے افسران سے سوال کیا کہ وہ انسپکشن کس طریقے سے کرتے ہیں اور اگر معائنہ گھر بیٹھ کر فائلوں میں ہوتا رہا تو عوام مرتے رہیں گے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر کسی کی غفلت کی وجہ سے کوئی انسانی جان ضائع ہوئی تو وہ خود مدعی بنیں گے۔انہوں نے کہا کہ خانیوال حادثے کی انکوائری مکمل ہونے دیں، ایسا نتیجہ نکلے گا کہ آئندہ کوئی افسر غفلت کی جرات نہیں کرے گا۔

(جاری ہے)

وزیر ریلوے نے ملک بھر کے تمام مسافر پلوں اور ریلوے برجز کی فوری اور ایمرجنسی بنیادوں پر انسپکشن کی ہدایت کی۔ انہوں نے ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچر کو ہدایت کی کہ متعلقہ افسران کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے کپیسٹی بلڈنگ کا عمل فوری طور پر شروع کیا جائے۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ لاہور ریلوے سٹیشن پر 25 جون تک ایسکیلیٹرز فعال کر دیئے جائیں گے تاکہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے، اس کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے 155ریلوے سٹیشنوں کو شمسی توانائی پر منتقل کرنے کے منصوبے کو بھی حتمی شکل دے دی گئی ہے جس کی تکمیل کیلئے 31دسمبر 2025کی ڈیڈ لائن مقرر کی گئی ہے۔

وزیر ریلوے نے واضح کیا کہ مسافروں کی جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس ضمن میں کسی بھی قسم کی کوتاہی یا غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات