وزیرتعلیم نے پنجاب میں ایک ماہ کیلئے سمرکیمپ کے انعقاد کی اجازت دے دی

بدھ 11 جون 2025 22:08

وزیرتعلیم نے پنجاب میں ایک ماہ کیلئے سمرکیمپ کے انعقاد کی اجازت دے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے سکولوں کو ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ کے انعقاد کی اجازت دے دی۔ وزیر تعلیم نے کہا کہ خواہشمند سکولز 16 جون سے 15 جولائی تک ایک ماہ کیلئے سمر کیمپ لگا سکتے ہیں۔ سمر کیمپ 30 روز سے زیادہ کے انعقاد کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ کسی سکول کو سمر کیمپ کیلیے الگ فیس لینے کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

وزیر تعلیم نے سمر کیمپ کی اجازت سے متعلق ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ سمر کیمپ کا دورانیہ صبح 7 سے 10 بجے تک ہوگا جبکہ طلبائ کو یونیفارم سے بھی استثنیٰ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ سمر کیمپ کے انعقاد کیلئے ضروری ہے کہ سکولز گرمی سے حفاظت کا انتظام رکھیں اور گرمی سے بچاؤ سے متعلق فرسٹ ایڈ، صاف پانی سمیت تمام متعلقہ بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔

(جاری ہے)

رانا سکندر حیات نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسز کو بھی ہدایات دیں کہ تمام سی ای اوز سمر کیمپ کے دوران سکولوں کی مانیٹرنگ اور سہولیات کی فراہمی کا جائزہ لیتے رہیں۔ وزیر تعلیم نے واضح کیا کہ سمر کیمپ میں شرکت کیلئے کسی طالبعلم پر زبردستی کی اجازت نہیں۔ جو طلباء اپنی مرضی سے آنا چاہیں صرف انہیں ہی سمر کیمپ میں بلایا جائے۔ دوسری جانب وزیر تعلیم نے سہولیات کی فراہمی کی شرط پر تمام پبلک سکولز اور آفٹر نون سکولز کو بھی سمر کیمپ کے انعقاد کی اجازت دے دی ہے۔ سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کی طرف سے سمر کیمپ کے حوالے سے تفصیلی نوٹیفیکیشن بھی جاری کر دیا گیا۔