سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع

مہنگائی ،معاشی دبائو کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فوری طور پر معقول اضافہ کیا جائے‘پیپلز پارٹی

بدھ 11 جون 2025 22:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء) پیپلز پارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے سے متعلق قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ۔قرارداد پیپلز پارٹی کے پارلیمانی لیڈر سید علی حیدر گیلانی نے جمع کروائی جس پر قاضی احمد سعید،رئیس نبیل احمد، نیلم جبار چوہدری، سید علی حیدر گیلانی، ممتاز چانگ اور شازیہ عابد کے بھی دستخط موجود ہیں ۔

(جاری ہے)

قرار داد حکومت پنجاب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ موجودہ شدید مہنگائی اور معاشی دبائو کے پیش نظر سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں فوری طور پر معقول اضافہ کیا جائے، حکومت کی جانب سے کئے گئے وعدوں پر عملدرآمد کرتے ہوئے سابقہ ایڈ ہاک الانسز کو بنیادی تنخواہ میں ضم کیا جائے، ہائوس رینٹ الائونس کو غیر منجمد کر کے موجودہ کرایوں کی مارکیٹ ویلیو کے مطابق دوبارہ مقرر کیا جائے، مستقبل میں مہنگائی کے تناسب سے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں باقاعدگی سے نظر ثانی کو یقینی بنایا جائے، اس سے ملازمین عزت و وقار کے ساتھ اپنی خدمات سر انجام دے سکیں گے۔