وائلڈ لائف رینجر ز کا جنگلی سور کے غیر قانونی کو رسنگ کلب پر چھاپہ، 5مینجرز گرفتار ، 4جنگلی سور برآمد ،جرمانہ عائد

بدھ 11 جون 2025 22:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جون2025ء) وائلڈ لائف رینجرز سرگودھا نے غیر قانونی کورسنگ کلب پر چھاپہ مار کر پانچ مینجرز کو گرفتار کر کے چار جنگلی سور برآمد کر لئے۔ تفصیلات کے مطابق سینئر وزیر مریم اورنگزیب اور سیکرٹری جنگلات ،جنگلی حیات و ماہی پر وری پنجاب مدثر ریاض ملک کی جنگلی جانوروںکیساتھ بلڈ سپورٹس کی ظالمانہ اور سفاکانہ کارروائیوں پر عدم برداشت کی پالیسی کے پیش نظر محکمہ چیف وائلڈ لائف رینجر مبین الہی کی زیر نگرانی صوبہ بھر میں سخت مانیٹر نگ جاری ہے۔

وائلڈلائف رینجر ز سرگودھا نے جنگلی سور کے غیر قانونی کو رسنگ کلب پر چھاپہ مارکر وہاں بلڈ سپورٹس کی تربیت کیلئے رکھے گئے 4جنگلی سور برآمد کرکے کلب کے 5مینجرز گرفتار، ڈیڑھ لاکھ روپے جرمانہ کرکے جنگلی سور قدرتی ماحول میں آزاد کردیئے ۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجرضلع سرگودھا رانا محمد اشفاق نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل بھیرہ میں جنگلی سوروں کے ایک غیر قانونی کورسنگ کلب پر چھاپہ مارکر وہاں بلڈ سپورٹس کی تربیت کیلئے رکھے گئے چار زندہ جنگلی سور برآمد کرکے کلب کے 5مینجرز کو گرفتار کرلیا اور وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان مرتب کرکے ملزمان کی کیس کمپائونڈ کرنے کی درخواست پر انہیں مجموعی طور پر ڈیرھ لاکھ محکمانہ معاوضہ کی مد میں جرمانہ کیا جبکہ برآمد کئے گئے تمام سور قدرتی ماحول میں آزاد کردیئے ۔

یادرہے کہ ملزمان کورسنگ کلب میں جنگلی سور وںکے ساتھ کتوں کی بلڈ سپورٹس کیلئے تربیت کرر ہے تھے ۔