عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے جانوں کی پرواہ کئے بغیر فرائض سرانجام دینے والے پولیس و دیگر سیکورٹی اہلکار قومی ہیرو ہیں،ارباب ناصرحیدر کاسی

بدھ 11 جون 2025 20:10

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)پاکستان یوتھ پیس موومنٹ کے چیئرمین ارباب ناصر حیدرکاسی ،ایس پی نصیرالحسن شاہ ، ڈی ایس پی سید حسن رضا شاہ اور ریٹائرڈ ایس پی یوسف مقدم نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے اپنی جانوں کی پرواہ کئے بغیر فرائض سرانجام دینے والے پولیس اور دیگر سیکورٹی فورسز کے اہلکار ہمارے قومی ہیرو ہیں جن کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ، ہم اپنے شہداء اور اُن کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے یہ قربانیاں ہماری تاریخ کا سنہری باب ہیں۔

یہ بات انہوں نے جمعرات بدھ کو مقامی ہوٹل میں پاکستان یوتھ پیس موومنٹ کے زیراہتمام بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس اہلکاروں کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے پولیس افسران اوربلوچستان بم ڈسپوزل اسکواڈ کے اہلکاروں میں شیلڈ بھی تقسیم کی گئیں۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ پولیس اوردیگر سیکورٹی فورسز کے اہلکار اپنی جان ہتھیلی پررکھ کر عوام کی حفاظت کر رہے ہیں جنہیں ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں عوام کے جان و مال کے تحفظ اوردہشت گردی کے خاتمے کیلئے اب تک سیکڑوں جوان اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرچکے ہیں پولیس اوردیگر سیکورٹی فورسز کے شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں جن کی قربانیاں انشاء اللہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔

ارباب ناصر حیدر کاسی نے کہا کہ بلوچستان پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے مقابلے میں انتہائی کم ہیں صوبائی حکومت بلوچستان پولیس اہلکاروں کی تنخواہیں دیگر صوبوں کے برابر کرے اورانہیں مزید سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائے تاکہ وہ مزید بہتر طریقے سے اپنی خدمات سرانجام دے سکیں۔