Live Updates

چیئرمین سینیٹ کی منظوری سے سینیٹ آف پاکستان میں سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کا آغاز

بدھ 11 جون 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جون2025ء)چیئرمین سینیٹ آف پاکستان، سید یوسف رضا گیلانی نے سینیٹ کے جاری آؤٹ ریچ پروگرام کے تحت سمر انٹرن شپ پروگرام 2025 کے آغاز کی باضابطہ منظوری دے دی ہے جس کا مقصد نوجوانوں کو قانون سازی کے عمل میں شامل کرنا ہے۔ یہ پروگرام 16 جون 2025 سے شروع ہو گا اور آٹھ ہفتوں پر محیط ہو گا،اس پروگرام کے تحت ملک کی نمایاں جامعات بشمول فاؤنڈیشن فار ایڈوانسمنٹ آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی (FAST)، نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (NUML)، اور نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (NUST) کے اکیس طلباء کو منتخب کیا گیا ہے۔

پروگرام کا مقصد سماجی علوم اور ٹیکنالوجی کے شعبوں سے تعلق رکھنے والے طلباء کو سینیٹ آف پاکستان کے قانون سازی اور انتظامی نظام خصوصاً بجٹ اجلاس کے دوران براہِ راست مشاہدے کا موقع فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

پروگرام کے باقاعدہ آغاز سے قبل منتخب طلباء کو پاکستان انسٹیٹیوٹ آف پارلیمنٹری سروسز (PIPS) میں دو روزہ تعارفی تربیت دی جائے گی جس میں انہیں آئینِ پاکستان، سینیٹ کے قانون سازی و انتظامی اٴْمور اور قائمہ کمیٹیوں کے طریقہ کار سے روشناس کرایا جائے گا۔

اس فلیگ شپ پروگرام کے تحت ماضی میں بھی سینیٹ سیکریٹریٹ نے جون تا اگست 2022 کے دوران قائداعظم یونیورسٹی، نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی، بحریہ یونیورسٹی اور NUST سے 20 طلباء جبکہ جولائی تا اگست 2024 کے دوران اسلام آباد کے سات اسکولوں سے 18 طلباء کو شامل کیا تھا،نوجوانوں کی شمولیت اور قانون سازی کے عمل میں شفافیت کے وڑن کے تحت چیئرمین سینیٹ نے مارچ 2024 میں اپنے منصب سنبھالنے کے بعد چھ ہفتوں پر مشتمل بغیر وظیفہ انٹرن شپ پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس کے تحت اب تک ملک بھر کی مختلف جامعات سے 426 طلباء کو سینیٹ سیکریٹریٹ میں انٹرن شپ کا موقع فراہم کیا جا چکا ہے۔

اسی وژن کے تحت سینیٹ سیکریٹریٹ اس انٹرن شپ پروگرام کو دوسرے مرحلے میں اسلام آباد کے اے اور او لیول اسکولوں تک وسعت دے گا، تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوانوں کو جمہوری اور قانون سازی کے عمل میں شمولیت کا موقع فراہم کیا جا سکے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات