Live Updates

جموں وکشمیر ،قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے

جمعرات 12 جون 2025 12:29

سری نگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر کے پلوامہ اور گاندر بل اضلاع میں قابض انتظامیہ کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پلوامہ قصبے کے مکینوں نے علاقے میں صفائی کی ناقص صورتحال کے خلاف پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے کہا کہ جگہ جگہ پڑے کوڑے کرکٹ کے ڈھیرو ں نے علاقے کا ماحول انتہائی گندہ کر دیا ہے، لوگ امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔

انہوں نے سرکلر روڈ کے ساتھ واقع ڈانگر پورہ علاقے میں موجود کوڑے کی ڈمپنگ سائٹ کی فوری منتقلی کا مطالبہ کیا ۔مظاہرے میں شامل محمد اشرف بٹ نامی شخص نے کہا کہ ڈمپنگ سائٹ مقامی آبادی کے لیے بے پناہ مشکلات کا باعث ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یہاں پڑا ہوا کوڑا کرکٹ ہماری صحت کو نقصان پہنچا رہا ہے اور لوگ سینے اور گلے میں انفیکشن کا شکار ہو رہے ہیں۔

مظاہرے میں شریک ایک طالب علم کا کہنا تھا کہ ہم ڈمپنگ سائٹ سے آنے والی بدبو کی وجہ سے کلاس رومز میں بیٹھنے سے قاصر ہیں۔ بعد ازاں مظاہرین میونسپل کونسل پلوامہ کے عہدیداروں کی طرف سے ڈمپنگ سائٹ کی منتقلی کی یقین دہانی پر پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔دریں اثنا لوگوں نے گاندربل میں ایک احتجاجی ریلی نکالی جس میں عمر عبداللہ کی زیرقیادت حکومت کی جانب سے پنچایتی راج انسٹی ٹیوشن (پی آر آئی) کے فنڈز کے غلط استعمال پر شدید تشویش کا اظہار کیا گیا۔ریلی توحید چوک سے شروع ہوئی اور منی سیکرٹریٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات