Live Updates

پنجاب میں تعلیم کا ترقیاتی بجٹ 400سے 500فیصد تک بڑھا رہے ہیں،صوبائی وزیر تعلیم

جمعرات 12 جون 2025 16:12

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ پنجاب میں تعلیم کے ترقیاتی بجٹ میں 400فیصد ریکارڈ اضافہ کرتے ہوئے 32ارب سے بڑھا کر 110ارب جبکہ ہائیر ایجوکیشن کے بجٹ میں بھی 500فیصد تک اضافہ کر رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اطلاعات پنجاب عظمی بخاری کے ہمراہپریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت وزیر اعلی مریم نواز کی خصوصی ہدایت پر دیگر صوبوں کے 5000طلبا کو سکالرشپ دینے جا رہی ہے۔ وزیر تعلیم نے مسلم لیگ( ن) کی حکومت کا تحریک انصاف کے دور کی کارکردگی سے موازنہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ حکومت کے 1004ترقیاتی سکیموں کے مقابلے میں محکمہ تعلیم میں خصوصی ریفارمز کرتے ہوئے 5006 سکیمیں لے کر آئے ہیں،گلوبل سٹینڈرڈ کے مطابق تعلیم کی ترقی کیلئے کرپشن اور سفارش کے دروازے بند کرتے ہوئے ای ٹرانسفر پالیسی لائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وی سیز، ایجوکیشن افسران، پرنسپلز اور سکولز ہیڈز کی مستقل تعیناتیاں کیں، 11لاکھ جعلی انرولمنٹ کا خاتمہ کیا، 26لاکھ نادرا ویریفائیڈ انرولمنٹ کی، ٹیچر شارٹیج 56 ہزار سے کم کر کے 26ہزار پر لائے، ارلی چائلڈ ہوڈ ایجوکیشن کے حوالے سے نہ صرف کمیشن بنایا بلکہ 12ہزار ارلی چائلڈ ایجوکیشن کلاس رومز بنائے جہاں ساڑھے چار لاکھ بچے داخلہ لے چکے ہیں۔

رانا سکندر حیات نے مزید کہا کہ سکول میل پروگرام کے اجرا کے بعد انرولمنٹ اور بچوں کی صحت کی شرح میں بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ سکالرشپ اور لیپ ٹاپ سکیم ہزاروں نوجوانوں کی زندگیاں بدلنے میں معاون ثابت ہوئی ہیں۔ دوسری جانب بوٹی مافیا کے خلاف تاریخی کریک ڈائون تاریخ میں رقم ہو چکا ہے، آئندہ سال اسی طرح پریکٹیکل مافیا کا بھی خاتمہ کریں گے۔اس موقع پر رانا سکندر حیات نے اربن ایریاز کے گرلز کالجز کیلئے 26کوسٹرز کی فراہمی کی بھی خوشخبری سنائی۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات