بھارتی مسافر طیارے کے حادثے میں 100 سے زائد ہلاکتوں کی اطلاعات

625 فٹ کی بلندی پر طیارے کا رابطہ منقطع ہوا اور کچھ ہی دیر بعد ڈاکٹرز کے ہاسٹل کے قریب گر کر تباہ ہوگیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 12 جون 2025 15:52

بھارتی مسافر طیارے کے حادثے میں 100 سے زائد ہلاکتوں کی اطلاعات
احمد آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جون 2025ء ) احمد آباد میں بھارتی مسافر طیارے کے حادثے میں 100 سے زائد ہلاکتوں کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق لندن جانے والا طیارہ احمد اباد کے میگھانی نگر علاقے میں کریش ہوا، پرواز کے بعد 625 فٹ کی بلندی پر طیارے کا رابطہ منقطع ہوگیا جس کے کچھ ہی دیر کے بعد طیارہ ڈاکٹرز کے ہاسٹل کے قریب گر کر تباہ ہوا جس کے بعد علاقے میں دھوئیں کے سیاہ بادل چھا گئے، حادثے کے بعد احمد آباد ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت عارضی طور پر بند کردی گئی۔

بتایا گیا ہے کہ حادثے کا شکار ہونے والے طیارے پر سوار مسافروں میں 169 بھارتی اور 53 برطانوی شہری سوار تھے، مسافروں میں پرتگال کے 7 اور کینیڈا کا ایک شہری بھی شامل ہے، طیارے پر مجموعی طور پر 242 افراد سوار تھے جن میں دو پائلٹ اور عملے کے 10 اراکین شامل ہیں، اس کے علاوہ سابق وزیراعلیٰ گجرات وجے روپانی بھی ایئر انڈیا کی اس بدقسمت پرواز میں سوار تھے، طیارہ حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو فوری قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ حادثے کے فوری بعد علاقے میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی اور ریسکیو ادارے فوری جائے وقوعہ پر پہنچ گئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی احمد آباد فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ نے آگ بجھانے والی پانچ سے زیادہ گاڑیاں حادثے کے مقام پر پہنچادیں، حکام نے تصدیق کی ہے کہ حادثہ کا الرٹ جاری ہونے کے بعد فائر ٹینڈرز کو تیزی سے متحرک کیا گیا، جس کے بعد ہنگامی ٹیمیں مسلسل امدادی ردعمل اور تشخیصی کارروائیوں میں مصروف ہیں۔

فائر ڈپارٹمنٹ کے ایک سینیئر اہلکار نے بتایا کہ "مختلف سٹی ڈویژنوں سے پانچ سے زیادہ فائر گاڑیوں کی ایک ٹیم مقام پر پہنچ چکی ہے، آگ پر قابو پانے کے اقدامات احتیاط کے طور پر کیے جا رہے ہیں"، واقعے کی وجہ اور طیارے کو پہنچنے والے نقصان کی تاحال سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی تاہم ہوائی اڈے کے حکام نے اندرونی انکوائری شروع کر دی ہے جب کہ ایک تکنیکی ٹیم صورتحال کا جائزہ لے رہی ہے۔