یو این چیف کا یوکرین جنگ کے خاتمے کی امریکی کوششوں کا خیرمقدم

یو این بدھ 20 اگست 2025 19:45

یو این چیف کا یوکرین جنگ کے خاتمے کی امریکی کوششوں کا خیرمقدم

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ UN اردو۔ 20 اگست 2025ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرش نے یوکرین میں جنگ کے خاتمے کے لیے امریکہ کی سفارتی کوششوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیرپا امن قائم کرنے کے لیے تمام فریقین کو فوری اور نتیجہ خیز اقدامات کرنا ہوں گے۔

سیکرٹری جنرل کے ترجمان سٹیفن ڈوجیرک نے نیویارک میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ تمام متعلقہ فریقین کی جانب سے امریکہ میں ہونے والی جامع بات چیت میں شمولیت برقرار رکھنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ یوکرین پر روس کے حملے کو تین سال سے اوپر ہو چکے ہیں اور اس جنگ میں اب تک 13,000 سے زیادہ شہریوں کی ہلاکت ہوئی جبکہ مزید ہزاروں زخمی ہو چکے ہیں۔

اقوام متحدہ کا کردار

سیکرٹری جنرل کا کہنا ہے کہ اگرچہ اس جنگ کو ختم کرنے کے لیے کئی طرح سے اور کئی جگہوں پر بات چیت ہوتی رہی ہے تاہم یہ واضح ہے کہ تنازع کے دونوں فریقین کو ایک دوسرے سے براہ راست بات چیت بھی کرنا ہو گی۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں اگر اقوام متحدہ کو کوئی کردار سونپا گیا تو ادارہ اپنے چارٹر کے اصولوں کے تحت کام کرتے ہوئے قیام امن کے لیے ہرممکن کوشش کرے گا۔

یوکرین میں اقوام متحدہ کی امن فوج کی تعیناتی سے متعلق سوال پر ترجمان نے واضح کیا کہ کسی بھی علاقے میں امن مشن کی تعیناتی کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے منظوری حاصل کرنا ضروری ہے۔

سفارتی ہلچل

یاد رہے کہ امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یوکرین میں جنگ بندی کے لیے گزشتہ دنوں امریکی ریاست الاسکا میں روس کے صدر ولادیمیر پوتن سے ملاقات کی تھی۔ اس کے بعد یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی اور متعدد یورپی ممالک کے سربراہان مملکت بھی واشنگٹن میں صدر ٹرمپ سے ملے ہیں۔