کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت اعلیٰ سطحی اجلاس ،پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز کی اپنی ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ خصوصی شرکت

جمعرات 12 جون 2025 17:41

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا جس میں پنجاب میونسپل ڈویلپمنٹ فنڈ کمپنی کے منیجنگ ڈائریکٹر سید زاہد عزیز نے اپنی ٹیکنیکل ٹیم کے ہمراہ خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن (ر) محمد وسیم، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ بلال حسن، ڈپٹی ڈائریکٹر ٹیکنیکل رانا شاہد عمران، پی ایچ اے، پبلک ہیلتھ اور لوکل گورنمنٹ کے افسران بھی شریک ہوئے، جبکہ خوشاب، میانوالی اور بھکر کے ڈپٹی کمشنروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔

اجلاس میں پنجاب سٹیز ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت سرگودہا ڈویژن کے چاروں اضلاع سرگودہا، خوشاب، میانوالی اور بھکر کے 9 شہروں کے لیے 51 ارب 15 کروڑ 71 لاکھ روپے کے تجویز کردہ ترقیاتی منصوبوں جن میں سیوریج، صاف پانی، سڑکوں کی تعمیر اور پارکوں کی بہتری شامل ہے کاجائزہ لیا گیا ۔

(جاری ہے)

ان منصوبوں میں سیوریج سسٹم کی بہتری، بارش کے پانی کی نکاسی، صاف پانی کی فراہمی، گلیوں اور سڑکوں کی تعمیر و مرمت اور پارکوں کی تزئین و آرائش شامل ہیں۔

اجلاس کے خطاب کرتے ہوئے کمشنر جہانزیب اعوان نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایات پر یہ منصوبے شہری مسائل کے مستقل حل اور شہری انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے نہایت اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرگودہا شہر کو ترجیحی بنیادوں پر پہلے فیز میں شامل کیا گیا ہے جو اس کی علاقائی اور انتظامی اہمیت کو ظاہر کرتا ہے۔

انہوں نےکہا کہ منصوبوں کی بروقت تکمیل سے شہری سیلاب کے خطرات میں کمی، صحت و صفائی کی صورتحال میں بہتری اور جدید بلدیاتی سہولیات کی فراہمی ممکن ہو سکے گی۔منظور شدہ اسکیموں کے تحت بھکر میں 6 ارب 3 کروڑ روپے، جوہرآباد میں 7 ارب 58 کروڑ روپے ، خوشاب میں 6 ارب 27 کروڑ روپے، میانوالی میں 6 ارب 53 کروڑ روپے، ساہیوال (سرگودہا) میں 3 ارب 1 کروڑ روپے، سلانوالی میں 2 ارب 62 کروڑ روپے، سرگودہا شہر کی دو اسکیموں کےلیے مجموعی طور پر14 ارب 56 کروڑ روپے جبکہ بھیرہ میں 4 ارب 52 کروڑ روپے کے ترقیاتی منصوبے تجویز کیے گئے ہیں۔

یہ منصوبے پنجاب حکومت کے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2025-26 کے تحت مکمل کیے جائیں گے،منصوبوں پرعملدرآمد کی مدت24ماہ مقررکی گئی ہے۔ ہر ضلع میں ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں پروجیکٹ امپلیمینٹیشن یونٹ (PIU) تشکیل دیا گیا ہے، جبکہ منصوبوں کی نگرانی کے لیے وزیر اعلیٰ پنجاب نے پروگرام اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کی ہے جو پالیسی سازی، مالیاتی اور جسمانی پیش رفت کا جائزہ لے گی۔ سرگودہا ڈویڑن کے شہری علاقوں میں سیوریج نظام کی خرابی، بارشوں کے بعد پانی جمع ہونے، گلیوں کی خستہ حالی، ناقص سٹریٹ لائٹس اور آلودہ پانی سے پیدا ہونے والی بیماریوں جیسے سنگین مسائل کا سامنا ہے، جن کے حل کے لیے یہ میگا پراجیکٹس نہایت اہم ہے۔