ہمارے وسائل سے پیدا بجلی سے ہمیں ہی محروم رکھا جا رہا ہے، آخر کیوں ، افتخار حسین

صوبے کے قدرتی وسائل پر اختیار دوسروں کو حاصل ،تکلیف ،قربانی کا بوجھ خیبر پختونخوا کے عوام پر ڈالنا کہاں کا انصاف ہی ، صدر اے این پی خیبرپختونخوا

جمعرات 12 جون 2025 22:24

پبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء) عوامی نیشنل پارٹی خیبر پختونخوا کے صدر میاں افتخار حسین نے موجودہ بجلی بحران، لوڈشیڈنگ اور حکومتی بے حسی پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کیسا نظام ہے کہ شدید گرمی میں بجلی ناپید ہے بجلی ہمارے وسائل سے پیدا ہوتی ہے، مگر اسی بجلی سے ہمیں ہی محروم رکھا جا رہا ہے۔ آخر کیوں کیا خیبر پختونخوا کے عوام اس ملک کے شہری نہیں انہوں نے کہا کہ صوبے کے قدرتی وسائل پر اختیار دوسروں کو حاصل ہے، جبکہ تکلیف اور قربانی کا بوجھ خیبر پختونخوا کے عوام پر ڈال دیا جاتا ہے۔

‘‘یہ کہاں کا انصاف ہی غریب کے لیے نہ بجلی ہے، نہ کوئی ریلیف۔ جب وہ خود اپنی مدد کے لیے سولر سسٹم لگاتا ہے تو اس پر بھی ٹیکس لگا دیا جاتا ہے۔

(جاری ہے)

کیا حکومت چاہتی ہے کہ عوام زندہ دفن ہو جائیں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی ہے، اور اب بجلی کی غیر اعلانیہ بندش نے عوام کا جینا مزید مشکل بنا دیا ہے۔ ہر سال گرمی آتے ہی یہی لوڈشیڈنگ شروع ہو جاتی ہے، آخر حکومت نے اب تک کوئی منصوبہ بندی کیوں نہیں کی انہوں نے مذید کہا کہ ‘‘امیر طبقہ اے سی میں بیٹھ کر مفت بجلی استعمال کرتا ہے، جبکہ غریب ہر سہولت سے محروم ہے۔

یہ دوہرا معیار اب نہیں چلے گامیاں افتخار حسین نے حکومت سے فوری طور پر لوڈشیڈنگ کے خاتمے اور بجلی کے منصفانہ نظام کے نفاذ کا مطالبہ کیا ہے ‘‘ہم پبی نوشہرہ میں عوامی احتجاج کی بھرپور حمایت کرتے ہیں۔ اگر حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لیے تو صوبے کے ہر ضلع اور ہر گاؤں میں احتجاج ہوگا۔ عوامی صبر کا پیمانہ لبریز ہو چکا ہے، اب فیصلے کا وقت ہے۔پختونخوا کے قدرتی وسائل پر پہلا حق پختون کا ہے۔بجلی ہماری، اختیار ہمارا۔ہم بھی اس ملک کے برابر کے شہری ہیں، رعایا نہیں۔