Live Updates

جماعت اسلامی بہاول پورنے وفاقی بجٹ کو مسترد کردیا

یہ آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ ہے جو عوام دشمن اقدامات سے بھرپور ہے،ضلعی امیر

جمعرات 12 جون 2025 22:51

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) جماعت اسلامی بہاول پور کے ضلعی امیر نصرللہ خان ناصرنے وفاقی بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ آئی ایم ایف کا تیار کردہ بجٹ ہے جو عوام دشمن اقدامات سے بھرپور ہے۔ بجٹ میں عام آدمی کے لیے کسی قسم کا ریلیف شامل نہیں بلکہ مہنگائی میں مزید اضافہ ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس عائد کرنے سے ٹرانسپورٹ، روزمرہ کی اشیاء اور بجلی سمیت تمام بنیادی ضروریات کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا، جس سے مہنگائی کا ایک نیا طوفان کھڑا ہوگا۔

یہ بجٹ عوام کی زندگیوں کو مزید دشوار بنا دے گا۔ای کامرس پر سیل پرچیز پر ٹیکس عائد کرنے پر بھی انہوں نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام نوجوانوں کو روزگار کے مواقع سے محروم کرنے کے مترادف ہے اور ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی راہ میں رکاوٹ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تنخواہ دار طبقے نے گزشتہ سال 500 ارب روپے کا ٹیکس دیا، اس کے باوجود انہیں صرف 10 فیصد تنخواہ میں اضافہ دیا گیا جو سراسر ناانصافی ہے اور ان کی قربانیوں کا مذاق اڑانے کے مترادف ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ مقامی صنعت کے تحفظ کے لیے EFS (ایکسپورٹ فیسلیٹیشن اسکیم) کو ختم کیا جائے۔ موجودہ بجٹ میں صرف مراعات یافتہ طبقے کو مزید ریلیف دیا گیا ہے جبکہ عام شہری کو دیوار سے لگا دیا گیا ہے۔امیر ضلع نے مختلف تقریبات میں میڈیا سے گفتگو کے دوران وفاقی بجٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اسے مکمل طور پر مسترد کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ عوامی مفاد میں بجٹ میں فوری طور پر ترمیم کرے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات