احمد آباد طیارہ حادثے کے بعد طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے شیئرز گرگئے

جمعرات 12 جون 2025 20:05

احمد آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)بھارتی شہر احمد آباد میں طیارہ حادثے کے بعد امریکی طیارہ ساز کمپنی بوئنگ کے شیئرز کی قیمت گرگئی۔حادثے کا شکار ہونے والا ائیر انڈیا کا طیارہ امریکی ساختہ بوئنگ 787-8 ڈریم لائنر تھا جس میں مسافروں اور عملے سمیت 242 افراد سوار تھے جن میں سے 241 حادثے میں ہلاک ہوگئے۔حادثے کی وجوہات فوری طور پر واضح نہیں ہو سکیں جبکہ بوئنگ نے ایک بیان میں کہا کہ وہ ابتدائی رپورٹس سے آگاہ ہے اور مزید معلومات اکٹھی کی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق787 ڈریم لائنر دنیا کے جدید ترین مسافر طیاروں میں سے ایک ہے، اس طیارے کو ماضی میں بیٹری کے مسائل کی وجہ سے گراؤنڈ ضرور کیا گیا تھا تاہم اس طرز کے طیارے کے ساتھ یہ پہلا جان لیوا حادثہ ہے۔بوئنگ کو اس سے قبل اپنے 737 میکس ماڈلز کے حوالے سے شدید تنقید کا سامنا رہا ہے جنہیں دو مہلک حادثات کے بعد طویل مدت تک گراؤنڈ کر دیا گیا تھا۔غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق حادثے کے بعد بوئنگ کے شیئرز کی قیمتوں میں تقریباً 5 فیصد کمی آئی۔حادثے کے بعد اسپرٹ ایرو سسٹمز اور جنرل الیکٹرک ایرو اسپیس کے شیئرز میں بھی تقریباً 3 فیصد کمی ہوئی ہے۔ یہ کمپنیاں طیارے کے مختلف حصے اور انجن تیار کرتی ہیں۔