واسا ملتان شہریوں کی خدمت کیلئے کوشاں ہے،منیجنگ ڈائریکٹر واسا

جمعرات 12 جون 2025 20:10

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جون2025ء) حکومت پنجاب کی ہدایات کی روشنی میں واسا ملتان شہریوں کی خدمت کیلئے کوشاں ہے۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا خالد رضا خان نے حالیہ گرمی کی شدت کے پیشِ نظر بلا تعطل فراہمی آب کے حوالے سے واٹر سپلائی ڈویژن کو خصوصی اقدامات کرنے کا حکم دیا ہےاور تمام ٹیوب ویلز کے اوقات کار کو ضرورت کے تحت ایڈجسٹ کرنے اور پانی کی کمی کی شکایت والے علاقوں میں واٹر سپلائی کا دورانیہ بڑھانے کی ہدایت کی ہے تاکہ ہیٹ ویو کے دوران واٹر سپلائی کی کمی کی شکایت کا فوری ازالہ کیا جا سکے ۔

انہوں نے واٹر سپلائی کے حوالے سے تمام شکایات کا ہنگامی بنیادوں پر ازالہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔انہوں نے یہ احکامات حالیہ ہیٹ ویو کے حوالے سے فراہمی و نکاسی آب کے انتظامات کا جائزہ لینے کےدوران جاری کیے ۔

(جاری ہے)

واٹر سپلائی ڈویژن کی رپورٹ کے مطابق قلعہ کہنہ قاسم باغ، مزار توتاں والی سرکار سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں ضرورت کے پیش نظر واٹر باؤزر کے ذریعے بھی فراہمی آب کی دستیابی بھی یقینی بنائی جا رہی ہے ۔

منیجنگ ڈائریکٹر واسا نے تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی مشینری کو مکمل فعال اور مؤثر حالت میں رکھنے ،تمام ڈسپوزل سٹیشنز پر سکرینوں کو صاف رکھنے اور پیک اوور میں کلیکٹنگ ٹینکس کو فری فال رکھنےکی ہدایات دی ہیں۔انہوں نے کہا کہ ڈسپوزل سٹیشنز پر صفائی ستھرائی کے عمل کو روزانہ کی بنیاد پر یقینی بنایا جائے اور ڈسپوزل سٹیشنز پر موجود جنریٹرز کو ہمہ وقت تیار رکھا جائے۔

انہوں نے اس موقع پر مزید کہا کہ نکاسی آب کے سسٹم میں رکاوٹ کو فوری طور پر دور کیا جائے ،تمام سیوریج ڈویژن اپنی اپنی حدود میں ڈی سلٹنگ مہم کو مزید موثر بنائیں اور ڈی سلٹنگ مہم کے دوران تمام ضروری حفاظتی انتظامات کو یقینی بنایا جائے جبکہ مین ہول کورزکی بھی 100 فیصد دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے باقاعدگی سے پیٹرولنگ کروائی جائے،جہاں کہیں بھی مین ہول کور نہ ہونے کی شکایت موصول ہو تو زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تحت جنگی بنیادوں پر مین ہول کور کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔