گ*حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈر اینڈ انڈسٹری کا سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس

جمعرات 12 جون 2025 20:20

ل*حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جون2025ء) حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈر اینڈ انڈسٹری کا سالانہ جنرل باڈی کا اجلاس سائٹ حیدرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں سرپرست اعلیٰ اور سابق چیئرمین مظہر الحق نے حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے قانونی پہلوں کے بارے میں بتایا کہ اس کا لائسنس نمبر 002، جو کہ قانونی طور پر رجسٹرڈ ادارہ ہے ، اس کا لائسنس 2025 سے 2028 تک تجدید کیا جاچکا ہے ۔

18ویں آئینی ترمیم کے بعد تمام تجارتی و صنعتی ایسوسی ایشنز متعلقہ صوبائی حکومتوں کے ماتحت کام کر رہی ہیں۔ اسی سلسلے میں ایسوسی ایشن کی لائسنس تجدید ڈپٹی کمشنر حیدرآباد کی زیرِ نگرانی قائم کردہ متعلقہ کمیٹی کی منظوری سے مکمل کی گئی، جس میں تمام متعلقہ قانونی ادارے شامل تھے۔

(جاری ہے)

ایسوسی ایشن کے آئین آرٹیکل آف ایسوسی ایشن کے مطابق حیدرآباد سائٹ ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے انتخابات برائے مدت 2025 تا 2027 شفاف طریقے سے منعقد کیے گئے۔

اجلاس میں نئے عہدیداران اور منیجنگ کمیٹی کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ جس میں زبیر گھانگرا چیئرمین، عامر شہاب سینئر وائس چیئرمین، ایسر کمار وائس چیئرمین، شاہد قائم خانی جنرل سیکریٹری اور اسلم باوانی فنانس سیکریٹری کیلئے منتخب ہوئے جبکہ پرویز فہیم نوروالا، فاروق شیخانی، محمد خالد، دلیپ کمار، شریف پونجانی اور ذوالفقار صدیقی منیجنگ کمیٹی کیلئے منتخب ہوئے۔

میڈیا سے گفتگو میں نومنتخب چیئرمین زبیر گھانگرا نے کہا میں دل کی گہرائیوں سے اپنے تمام اراکین کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے مجھ پر اعتماد کیا اور اپنی قیمتی رائے کے ذریعے مجھے اس منصب تک پہنچایا۔ ہم سب بخوبی واقف ہیں کہ حیدرآباد سائٹ اس وقت کئی بنیادی مسائل کا شکار ہے۔ انفراسٹرکچر کی زبوں حالی، سڑکوں کی خستہ حالی، نکاسی آب کا ناقص نظام، بجلی اور گیس کی فراہمی میں رکاوٹیں، صفائی ستھرائی کا فقدان، اور سیکیورٹی کی کمزوری جیسے مسائل نے صنعتی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کر دی ہیں۔

نومنتخب سینئر وائس چیئرمین عامر شہاب، وائس چیئرمین ایسر کمار، جنرل سیکریٹری شاہد قائم خانی نے مشترکہ خطاب میں کہا کہ ہم سب سے پہلے سڑکوں کی مرمت اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی کوشش کریں گے تاکہ صنعتکار ایک بہتر ماحول میں کام کر سکیں۔ ہم سوئی گیس، واسا، بلدیہ، ای پی اے، سیپکو جیسے اداروں کے ساتھ قریبی روابط استوار کریں گے تاکہ گیس و بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہ سکے۔

ہم سیکیورٹی کے نظام کو مستحکم بنانے کے لیے پولیس، رینجرز اور نجی سیکیورٹی اداروں کے ساتھ باقاعدہ اجلاس کریں گے۔ حکومتی سطح پر بنائی گئی ورکس کمیٹی سائٹ کے ذریعے زیادہ سے زیادہ کام کرائے جائیں گے۔ اجلاس میں حیدرآباد چیمبر آف اسمال ٹریڈرز اینڈ اسمال انڈسٹری کے صدر سلیم میمن، علی گھانگرا، ندیم صدیقی، سامن مل، حاجی ہارون اور بڑی تعداد میں صنعتکار موجود تھے۔