Live Updates

حکومت عوام کو ریلیف دے، اشیائے ضروریہ، بجلی، پٹرول کی قیمتیں کم کی جائیں

بجٹ میں مراعات یافتہ طبقہ پر مزید مراعات کی بوچھاڑ کی گئی ہے، تنخواہ دار، کسان، مزدور اور عام آدمی کے لیے بجٹ میں رتی برابر سہولت نہیں۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کا خطاب

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 16 جون 2025 19:47

حکومت عوام کو ریلیف دے، اشیائے ضروریہ، بجلی، پٹرول کی قیمتیں کم کی ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔16 جون 2025ء ) امیرجماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے حکومت پر زور دیا کہ فلسطین کے ساتھ ایران کے معاملے پر بھی واضح، دوٹوک اور جرات مندانہ پالیسی تشکیل دے کر اقدامات کیے جائیں، کشمیر کا مقدمہ پوری طاقت سے لڑا جائے۔ حکمران اشیائے ضروریہ، بجلی، پٹرول کی قیمتوں میں کمی کر کے عام آدمی کو سہولت دیں۔

مرکزی مجلس شوریٰ کے منصورہ میں ہونے والے تین روزہ اجلاس کے اختتامی خطاب میں امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حکومت ملک بھر اور بالخصوص خیبر پختونخواہ اور بلوچستان میں قیام امن کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔ اسلام آباد اور کابل اپنے معاملات میں بہتری لائیں اور امن کے لیے بامعنی مذاکرات کیے جائیں۔ انھوں نے کہا کہ افغانستان کی سرزمین کسی صورت بھی پاکستان کے خلاف استعمال نہیں ہونی چاہیے۔

(جاری ہے)

حکومت بلوچستان کے عوام کے زخموں پر مرہم رکھے، صوبہ کی محرومیاں دور کی جائیں اور لاپتا افراد کا مسئلہ حل کیا جائے۔
حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ مسئلہ فلسطین پر حکمران عوام کے جذبات کی ترجمانی کریں، اسرائیل کو لگام نہ دی گئی تو پورا خطہ آگ کی لپیٹ آ جائے گا۔ حکومت امریکہ سے خوفزدہ نہ ہو اور ٹرمپ کو زمین کا خدا نہ سمجھے۔ انہوں نے حماس کو استقامت اور مزاحمت کی شاندار مثال قرار دیتے ہوئے مجاہدین کی کامیابیوں کے لیے دعا کی۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ اہل کشمیر تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔ حکومت کو چاہیے کہ مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں اور ہندوتوا نواز مودی کے مظالم سے عالمی برادری کو آگاہ کرے۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے سیاسی اختلافات کو ایک طرف رکھتے ہوئے پاک بھارت جنگ میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔

انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اسٹیبلشمنٹ کی سیاسی معاملات اور دیگر اداروں میں مداخلت پر خاموش نہیں رہ سکتی، آئینی حدود کے اندر رہ کر کام کرنا اداروں کے اپنے مفاد میں ہے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق کی جدوجہد میں مزید تیزی لائے گی۔ بجٹ میں مراعات یافتہ طبقہ پر مزید مراعات کی بوچھاڑ کی گئی ہے، تنخواہ دار، کسان، مزدور اور عام آدمی کے لیے بجٹ میں رتی برابر سہولت نہیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی کے کارکن بانی جماعت کی ہدایات کے مطابق مرجع خلائق بن جائیں تاکہ لوگ مسائل کے حل کے لیے ان کی طرف رجوع کریں۔
حکمران معاشرتی ابتری کے ذمہ دار ہیں۔ جماعت اسلامی اپنی جدوجہد سے ملک میں موجود قیادت کے خلا کو پر کرسکتی ہے۔ عوامی حقوق کی جدوجہد سے جماعت اسلامی کے قدم آگے بڑھے ہیں، یہ چومکھی جدوجہد ہے جو جماعت کے کارکن نے کرنی ہے اور معاشرے میں تبدیلی کی بنیاد رکھنی ہے۔

ہم نے رائے عامہ کو بہترین حکمت عملی سے تبدیل کرکے اپنا حامی بنانا ہے۔ ہم تعصب کی بنیاد پر نہیں بلکہ اللہ اور اس کے رسول کے پیغام کی بنیاد پر دعوت دین بھی پھیلائیں گے اور معاشرے میں موجود ظالمانہ نظام کا خاتمہ کرکے منصفانہ نظام قائم کرینگے۔ جماعت کے کارکن رجوع الی اللہ سے کام لیں۔ اللہ سے تعلق مضبوط ہو گا تو کامیابیاں ملیں گی۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات