Live Updates

پاکستان ورکرز فیڈریشن کے انتخابات، اسد محمود جنرل سیکرٹری، عبدالرحمن عاصی چیئرمین، شوکت علی انجم صدر منتخب

پاکستان ورکرز فیڈریشن کا قومی اجلاس، بجٹ کو مزدور دشمن قرار، احتجاجی تحریک کا اعلان متوقع

جمعرات 12 جون 2025 20:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)پاکستان ورکرز فیڈریشن کی نیشنل جنرل کونسل کا اجلاس اسلام آباد کے مقامی ہوٹل میں زیر صدارت محمد نسیم را منعقد ہوا، جس میں فیڈریشن کی ملحقہ یونینز کے نمائندگان اور ریجنل عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں قومی صنعتی تعلقات کمیشن (NIRC)، ایف ای ایس، ایس ڈی پی آئی، اور ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان کے نمائندوں نے بھی خصوصی شرکت کی۔

اجلاس کے دوران پاکستان ورکرز فیڈریشن کے مرکزی انتخابات کا انعقاد عمل میں لایا گیا، جس میں نیشنل جنرل کونسل کے تمام ممبران نے بلامقابلہ اسد محمود کو مرکزی جنرل سیکرٹری، چوہدری عبدالرحمن عاصی کو مرکزی چیئرمین اور شوکت علی انجم کو مرکزی صدر منتخب کیا۔اس موقع پر قائد مزدور اور پاکستان ورکرز فیڈریشن ناردرن پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری محمد یسین نے اپنے خطاب میں کہا کہ فیڈریشن مزدوروں کی نمائندہ اور فلاحی تنظیم ہے، جو ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے سرگرم عمل ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیڈریشن میں جمہوری اقدار کا فروغ ان کی اولین ترجیح ہے اور آج کے انتخابی عمل میں شفافیت اور جمہوریت کی اعلی مثال قائم کی گئی ہے، جس پر تمام عہدیداران مبارکباد کے مستحق ہیں۔چوہدری محمد یسین نے موجودہ وفاقی بجٹ پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے ملازمین کو مکمل طور پر نظر انداز کیا ہے۔ تنخواہوں میں برائے نام اضافہ، کم ازکم اجرت اور ای او بی آئی پنشن میں اضافہ نہ ہونے کی وجہ سے مزدور طبقہ سخت اضطراب کا شکار ہے۔

انہوں نے اعلان کیا کہ پاکستان ورکرز فیڈریشن جلد احتجاجی تحریک شروع کرے گی۔بعد ازاں نومنتخب جنرل سیکرٹری اسد محمود، چیئرمین عبدالرحمن عاصی اور صدر شوکت علی انجم نے کہا کہ وہ نیشنل جنرل کونسل کے اعتماد پر پورا اتریں گے اور قائد مزدور چوہدری محمد یسین کے ویژن کو آگے بڑھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آج کے انتخاب میں ملک بھر کے مزدوروں نے موروثی سیاست کو مسترد کر کے ایک نئی تاریخ رقم کی ہے۔

اجلاس کے اختتام پر متعدد قراردادیں پیش کی گئیں، جن میں نجکاری کے خلاف، کم از کم اجرت اور ای او بی آئی پنشن میں اضافے، موسمیاتی تبدیلیوں، فلسطین میں اسرائیلی مظالم کی مذمت، اور بلوچستان میں ٹریڈ یونینز پر پابندیوں کے خلاف قراردادیں شامل تھیں، جنہیں نیشنل جنرل کونسل نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔اس کے علاوہ پاکستان ورکرز فیڈریشن سینٹرل پنجاب ریجن کے جنرل سیکرٹری اسد الرحمن عاصی نے ایک اہم قرارداد پیش کی، جس میں قائد مزدور چوہدری محمد یسین کو پاکستان ورکرز فیڈریشن کا سرپرست اعلی بنانے کی سفارش کی گئی، جسے تمام نمائندگان نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات