Live Updates

ْ سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب

صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر نے سمر گیمز کے انٹرڈویژن مقابلوں کے افتتاح کا اعلان کیا وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن سپورٹس کی ترقی ہے ، سمر گیمز کا انعقاد اسی ویژن کا عکاس ہے‘ وزیرکھیل پنجاب

جمعرات 12 جون 2025 22:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جون2025ء)سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے زیر اہتمام وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز کے انٹر ڈویژن مرحلے کی رنگا رنگ افتتاحی تقریب جمنازیم ہال نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں ہوئی ،صوبائی وزیر کھیل ملک فیصل ایوب کھوکھر سمر گیمز کے انٹرڈویژن مقابلوں کی افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی تھے انہوں نے سمر گیمز کے انٹرڈویژن مقابلوں کا شروع کرنے کا اعلان کیا،پنجاب کے 9 ڈویژنز سے آئے ہوئے 702 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی اور آفیشلز نے مارچ پاسٹ کیا، اس موقع پر ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری، ایم پی اے ثاقت خان چدھڑ، سپورٹس کوآرڈینٹر ملک انوش کھوکھر،پاکستان کبڈی ٹیم کے وننگ کپتان عرفان مانا ، ڈائریکٹر ایڈمن ڈاکٹرمحمد کلیم ، ڈائریکٹر سپورٹس رانا ندیم انجم ، پنجاب کے تمام ڈویژنل اور ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران سمیت کھیلوں سے وابستہ شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی ہے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا ویژن سپورٹس کی ترقی ہے ، سمر گیمز کا انعقاد اسی ویژن کا عکاس ہے، پنجاب میں سپورٹس کے میگا ایونٹس منعقد کئے جارہے ہیں ، ہمارا مشن نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کر رہے ہیں،گراس روٹ لیول سے کھیلوں کے فروغ کے لیے مختلف پروگرامزشروع کئے ہیں ، تحصیل، ضلع اور ڈویژن سطح پر ٹرائلز، کوچنگ کیمپس، اور ٹیلنٹ ہنٹ کررہے ہیں، آئندہ چند ماہ میں نئے سپورٹس کمپلیکسز اور جدید جمنازیمزبنائے جارہے ہیں،پنجاب کے ہرشہر میں سپورٹس کمپلیکس تعمیر کئے جارہے ہیں ،سمر گیمز کا یہ سفر نوجوان کھلاڑیوں کے لیے کامیابی کی نئی راہیں کھولے گا،انٹر تحصیل ٹرائلز میں 9ہزار 500 کھلاڑیوں نے شرکت کی ہے جن میں سے 702کھلاڑی آج ہمارے سامنے انٹرڈویژن مرحلے میں موجود ہیں ، میں یہاں آنے والے تمام کھلاڑیوں اور آفیشلز کو لاہور میں خوش آمدید کہتا ہوں ، مجھے امید ہے کہ آپ میں سے ہی ارشد ندیم جیسے اتھلیٹس پیدا ہوں گے اور وہ ملک کا نام روشن کریں گے، صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر نے مزید کہا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز میں بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو رواں سال دسمبر میں ہونیوالی نیشنل گیمز میں پنجاب کی نمائندگی کرسکیں گے، سمر گیمز انٹرڈویژن مقابلوں میں جیتنے والے کھلاڑیوں میں 75لاکھ روپے کے انعامات تقسیم کئے جائیں گے، نشترپارک سپورٹس کمپلیکس میں 18جون تک کبڈی، ہاکی ، بیڈمنٹن اور والی بال کے مقابلے ہوں گے، سمر گیمز میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو سپورٹس انڈوومنٹ فنڈسے پلاٹینیم کیٹیگری کو70ہزار ، گولڈ کیٹیگری میں 50اورسلور کیٹیگری میں 30ہزار روپے سکالرشپ دی جائے گی،سپورٹس ڈیپارٹمنٹ پنجاب اپنے ثقافتی کھیلوں کبڈی اور قومی ہاکی کی بحالی کے لیے کوشاں ہے ، ہاکی کے فروغ کیلئے پنجاب کے تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں ہاکی ٹرف بچھائی جارہی ہے تاکہ ہاکی کا کھیل ترقی کرے ، اس سے سپورٹس سے ہماری نوجوان نسل مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب ہو اور ملک کا نام روشن کرے۔

ڈائریکٹرجنرل سپورٹس پنجاب خضرافضال چودھری نے سمر گیمز کی افتتاحی تقریب سے استقبالیہ خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب کے تمام ڈویژن سے لاہور آنے والے کھلاڑیوں کو خوش آمدید کے ساتھ مبارکباد دیتا ہوں کہ وہ اپنے اضلاع کے ونر ہیں وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنی پہلی تقریر میںبھی سپورٹس کی ترقی کا کہاتھا ، وزیراعلیٰ پنجاب سمر گیمز میں ریکارڈ انعامات دیئے جائیں گے، پنجاب کی 155تحصیلوں سے ٹرائلز سے شروع ہوا جس کا آ ج فائنل مرحلہ انٹرڈویژن مرحلے کا آغاز ہورہاہے ، وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کی ہدایت پر سپورٹس کی ترقی کیلئے ہرممکن اقدامات کئے جارہے ہیں اور سپورٹس کے میگا ایونٹس کا انعقاد کیا جارہاہے ۔

تقریب کے آخری میں ڈائریکٹرجنرل سپورٹس خضرافضال چودھری نے صوبائی وزیرکھیل پنجاب ملک فیصل ایوب کھوکھر کو سوینئر پیش کیا،صوبائی وزیر نے تمام شریک کھلاڑیوں، کوچز، اور سپورٹس افسران کا شکریہ بھی ادا کیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات