Live Updates

امریکا نے ایران پر اسرائیلی حملوں سے لاتعلقی کا اظہارکردیا

ایران کیخلاف اسرائیلی منصوبے کا پہلے سے علم تھا، تاہم امریکی فوج نے اس آپریشن میں کسی قسم کا کردار ادا نہیں کیا‘ٹرمپ

جمعہ 13 جون 2025 17:07

امریکا نے ایران پر اسرائیلی حملوں سے لاتعلقی کا اظہارکردیا
واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء)امریکانے ایران پر اسرائیلی حملوں سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے ،امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے انکشاف کیا کہ انہیں ایران کے خلاف اسرائیلی کارروائی کے منصوبے کا پہلے سے علم تھا، تاہم امریکی فوج نے اس آپریشن میں کسی قسم کا کردار ادا نہیں کیا۔امریکی وزیرخارجہ مارکوروبیو نے کہا کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی، امریکا ان حملوں میں شامل نہیں ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہیں ایران کے خلاف اسرائیلی کارروائی کے منصوبے کا پہلے سے علم تھا، تاہم ان کا کہنا ہے کہ امریکی فوج نے اس آپریشن میں کسی قسم کا کردار ادا نہیں کیا۔ٹرمپ نے امید ظاہر کی کہ ایران اپنے جوہری پروگرام پر نظر ثانی کرے گا اور امریکا کے ساتھ مذاکرات کی راہ اپنائے گا۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ "ایران کے پاس ایٹم بم نہیں ہونا چاہیے، اور ہم چاہتے ہیں کہ وہ مذاکرات کی میز پر واپس آئے۔"ٹرمپ کے اس بیان کے بعد عالمی سیاسی تجزیہ کاروں نے خطے میں کشیدگی مزید بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ادھرایران پر اسرائیلی فضائی حملوں کے بعد امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ایک اہم بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا ان حملوں میں شامل نہیں ہے اور اس کی اولین ترجیح خطے میں موجود امریکی افواج کا تحفظ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسرائیل نے ایران کے خلاف یکطرفہ کارروائی کی، امریکا ان حملوں میں شامل نہیں ہے۔ ہماری اولین ترجیح مشرقِ وسطی میں تعینات امریکی افواج کا تحفظ ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ نے ایران کے اعلی سیاسی اور فوجی حکام کے رہائشی علاقے پر حملہ کیا ہے۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات