Live Updates

افغان طالبان کی ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت

اسرائیلی حملہ ایران کی قومی خودمختاری ،علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے، ذبیح اللہ مجاہد

جمعہ 13 جون 2025 18:39

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جون2025ء)افغانستان کی طالبان حکومت نے ایران پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کی ہے۔افغان حکومت کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امارت اسلامیہ افغانستان، ایران پر اسرائیل کے حملوں، فوجی قیادت اور ایٹمی سائنسدانوں کے قتل کی مذمت کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا حملہ بین الاقوامی قوانین کے بنیادی اصولوں کی خلاف ورزی ہے، خاص طور پر یہ ایران کی قومی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

ذبیح اللہ مجاہد نے کہا کہ یہ جارحیت ایک ایسے وقت میں کی گئی جب مظلوم فلسطینی عوام بالخصوص غزہ میں آج بھی اسرائیل کے تباہ کن حملے جاری ہیں اور قابض اسرائیلی حکومت پرتشدد کارروائیاں کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بدقسمتی سے تشدد کو بڑھانے والے ایسے اقدامات نے خطے کی صورتحال کو مزید کشیدہ اور تشویشناک بنا دیا۔ترجمان نے کہا کہ امارت اسلامیہ فریقین سے مطالبہ کرتی ہے کہ ذمہ داری کا مظاہرہ کریں اور علاقائی استحکام اور سلامتی کو برقرار رکھیں، اس مسئلے کو پوری ذمہ داری کے ساتھ حل کریں اور خطے میں عدم استحکام اور عدم تحفظ کو مزید پھیلنے نہ دیں۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات