یو ای ٹی میں پاکستان کے سب سے بڑے انجینئرنگ کیر یئر کونسلنگ ایونٹ’’اوپن ویک‘‘ کا انعقاد

جمعہ 13 جون 2025 22:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جون2025ء) یو ای ٹی لاہور کے زیر انتظام پاکستان کے سب سے بڑے انجینئرنگ کیرئیر کونسلنگ ایونٹ ’’اوپن ویک‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ جہاں ای کیٹ کیلئے آئے طلباء کی سہولت کیلئے جامعہ کے مختلف تدریسی و غیر تدریسی شعبہ جات کی جانب سے معلوماتی ڈیسک لگائے گئے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر شاہد منیر نے اوپن ویک کا افتتاح کیا اور فیکلٹی ممبران کے ہمراہ معلوماتی اسٹالز کا دورہ کیا۔

(جاری ہے)

پنجاب بھر سے ای کیٹ کا امتحان دینے کیلئے آئے طلبا نے اپنے والدین کے ہمراہ اوپن ویک میں شرکت کی۔ اوپن ویک کا انعقاد یو ای ٹی میں داخلے کے خواہشمند طلباء و طالبات کی سہولت کیلئے کیا گیا ہے جہاں طلباء کو یو ای ٹی کی سات فیکلٹیز کے زیر اہتمام چلائے جانے والے انڈر گریجویٹ پروگرامز میں داخلہ کے لئے اہلیت، داخلہ کا طریقہ کار اور داخلہ کے بعد سکالرشپ کے مواقع کے متعلق معلومات فراہم کی جائیگی۔ طلباء کو یونیورسٹی میں دستیاب لیبارٹریز، ٹرانسپورٹ، ہاسٹلز اور دیگر سہولیات کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔ اوپن ویک کی سرگرمیاں 16 جون تک جاری رہیں گی۔